اسلام آباد(اے پی پی)مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے احساس پروگرام اور پناہ گاہیں بند کرنے کی خبروں کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف نے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں پہلے خطاب میں واضح کیا تھا کہ عوامی خدمت کے منصوبے جاری رہیں گے‘صحت کارڈ اسی طرح چلتا رہے گا‘اسے مزید بہتر بنائیں گے۔ جمعہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نہ صرف جاری رہے گا بلکہ اسے مزید توسیع دی جائے گی ، وزیراعظم شہباز شریف نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بچوں اور بچیوں کی تعلیم کا ذریعہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، کوئی پروگرام بند نہیں ہوا، عوام کی بھلائی کے ہر منصوبے کو مزید بہتر بنائیں گے انشااللہ۔ان کا کہنا تھاکہ یہ جھوٹ وہ پھیلا رہے ہیں جنہیں وزیراعظم کی کرسی اور کنٹینر پر جھوٹ بولنے کی عادت ہے۔ میڈیا سے بھی گزارش ہے کہ وہ ایسی بے بنیاد اطلاعات کو جگہ دینے سے اجتناب کرے۔