• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راجہ پرویز اشرف اسپیکر قومی اسمبلی منتخب


قومی اسمبلی کا اجلاس ن لیگی رہنما، سابق اسپیکر اور پینل آف چیئرمین ایاز صادق کی زیرِ صدارت ہوا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما، سابق وزیرِ اعظم راجہ پرویز اشرف بلا مقابلہ اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہو گئے۔

منتخب ہونے کے بعد راجہ پرویز اشرف نے اسپیکر قومی اسمبلی کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

پینل آف چیئر ایاز صادق نو منتخب اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے حلف لیتے ہوئے
پینل آف چیئر ایاز صادق نو منتخب اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے حلف لیتے ہوئے

پینل آف چیئر ایاز صادق نے راجہ پرویز اشرف سے حلف لیا، جس کے بعد نومنتخب اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنی نشست سنبھال لی۔

پرویز اشرف کا بطور اسپیکر پہلا خطاب

ذمے داری سنبھالنے کے بعد راجہ پرویز اشرف نے قومی اسمبلی سے بطور اسپیکر پہلا خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے 22 ویں اسپیکر کے طور پر بلا مقابلہ منتخب کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اپنے قائد آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا شکر گزار ہوں، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور تمام اتحادیوں کا بھی شکریہ۔

اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ایوان کی تعظیم اور توقیر میں اضافہ اوّلین ترجیح ہو گی، فرض سمجھتا ہوں کہ ایوان میں اپوزیشن کی آواز نہ دبائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام کو تقسیم نہیں کرنا، اداروں کو دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے دوسرے اداروں کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔

استعفوں پر اسپیکر کی رولنگ

پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے رولنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سابقہ رولنگ اور رولز کے تحت اراکینِ قومی اسمبلی کے استعفوں کو دیکھا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی ارکان کے استعفے میرے سامنے دوبارہ پیش کیے جائیں، استعفوں کے معاملے پر ہم قانون کے مطابق کارروائی کریں گے۔

نو منتخب اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اپنی نشست سنبھال لی
نو منتخب اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اپنی نشست سنبھال لی

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا اظہارِ خیال

اس سے قبل وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے تحت کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ لگائے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ 5 ہزار میگا واٹ کے ایل این جی پلانٹس بھی لگائے گئے، 1250 میگا واٹ کا پلانٹ 2019ء میں چلنا تھا، جو بند پڑا ہے۔

وزیرِ اعظم کے خطاب سے قبل راجہ پرویز اشرف ایوان میں پہنچے تو قومی اسمبلی میں جئے بھٹو کے نعرے گونجنے لگے۔

بلقیس ایدھی کو خراجِ عقیدت کی قرارداد

ایوان میں بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بلقیس ایدھی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی قرار داد پیش کی گئی جو ایوان نے منظور کر لی۔

ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی پر حملے کیخلاف قرارداد

قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری پر حملے کے خلاف مذمتی قرارداد بھی منظور کر لی گئی۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی پر حملے کے ذمے داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

قاسم سوری مستعفی

واضح رہے کہ آج ہی قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کا استعفیٰ سیکریٹری قومی اسمبلی کے دفتر کو موصول ہو گیا ہے۔

نو منتخب اسپیکر راجہ پرویز اشرف قاسم سوری کے استعفے کی منظوری کا فیصلہ کریں گے۔

قاسم سوری کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پر آج ووٹنگ ہونی تھی، اس سلسلے میں قومی اسمبلی کا اجلاس آج 12 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں سابق اسپیکر اور پینل آف چیئرمین ایاز صادق کی زیرِ صدارت ہونا تھا۔

حکومتی اتحاد کے 159 اراکین کی جانب سے قاسم سوری کے خلاف تحریک پیش کی گئی تھی، قومی اسمبلی کے قاعدہ 12 کے تحت ڈپٹی اسپیکر کی برطرفی کی کارروائی کی جانی تھی۔

ڈپٹی اسپیکر کے استعفے کے بعد تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ کی ضرورت نہیں رہی۔

ایاز صادق نے بھی اسپیکر کیلئے کاغذات جمع کرائے

اسمبلی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما، سابق وزیرِ اعظم راجہ پرویز اشرف اور مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق نے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے۔

اسمبلی ذرائع کے مطابق وقت ختم ہونے سے 2 منٹ پہلے ایاز صادق نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے۔

مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق اسپیکر ایاز صادق نے آج اپنے کاغذات واپس لے لیے، یہ حکومتی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔

قومی خبریں سے مزید