• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کا استعفیٰ سیکریٹری قومی اسمبلی کے دفتر کو موصول ہو گیا ہے۔

قاسم سوری کے استعفے کا متن

قاسم سوری کا کہنا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کے عہدے سے استعفیٰ پارٹی وژن کے مطابق دیا، استعفیٰ پارٹی کی جمہوریت کے ساتھ اس کی وابستگی کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خود مختاری اور سالمیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، ملک کی آزادی کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے۔

قاسم سوری کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد

واضح رہے کہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پر آج ووٹنگ ہونی تھی، اس سلسلے میں قومی اسمبلی کا اجلاس آج 12 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں سابق اسپیکر اور پینل آف چیئرمین ایاز صادق کی زیرِ صدارت ہونا تھا۔

حکومتی اتحاد کے 159 اراکین کی جانب سے قاسم سوری کے خلاف تحریک پیش کی گئی تھی، قومی اسمبلی کے قاعدہ 12 کے تحت ڈپٹی اسپیکر کی برطرفی کی کارروائی کی جانی تھی۔

قومی اسمبلی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کے استعفے کے بعد تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ کی ضرورت نہیں ہو گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نو منتخب اسپیکر آج اپنے انتخاب کے بعد قاسم سوری کے استعفے کی منظوری کا فیصلہ کریں گے۔

پرویز اشرف کے بلا مقابلہ اسپیکر منتخب ہونے کا امکان

ذرائع ن لیگ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایاز صادق کی جانب سے کاغذات واپس لینے پر راجہ پرویز اشرف بلا مقابلہ اسپیکر منتخب ہو جائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید