آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ غلط معلومات اور پروپیگنڈے سے ریاستی سالمیت کو خطرہ لاحق ہوتا ہے۔
لاہور گیریژن کے دورے کے موقع پر افسران سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ قیاس آرائیوں، افواہوں کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے بروقت، مشترکہ ردِعمل کی ضرورت ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سی ایم ایچ لاہور کے دورے میں میجر حارث کی عیادت کی، میجر حارث کو چند روز پہلے لاہور میں تشدد کرکے زخمی کیا گیا تھا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ قانون اپنا راستہ بنائے گا اور واقعے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
آرمی چیف نے کہا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔