پنجاب کے نو منتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ گورنر پنجاب نے وزارت اعلیٰ کا حلف نہ لے کر تماشا لگادیا ہے۔
لاہور میں حسن مرتضیٰ کے گھر آمد پر میڈیا سے گفتگو میں حمزہ شہباز نے کہا کہ اتنے دنوں سے ملک کے سب سے بڑے صوبے کا کوئی چیف ایگزیکٹو نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نیازی روز تماشا کرتے ہیں، قوم کا وقت برباد کرتے ہیں، انہیں کیا قوم پر رحم نہیں آتا ہے؟
حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ کہتے ہیں میرا تحفہ میری مرضی، یہ نہیں چلے گا آپ کو حساب دینا ہوگا، آپ نے سازش تو پاکستان اور عوام کے ساتھ کی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں لوگوں نے دیکھا کہ کیسے انہوں نے پولیس اہلکاروں کو پیٹا۔
نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ قوم کو دکھا رہے تھے کہ بازو ٹوٹ گیا، ایسی کونسی دوائی ہے جس سے ٹوٹا ہوا بازو 24 گھنٹے میں ٹھیک ہوگیا؟
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کو آئینی طریقے سے باہر کیا گیا تو ڈالر نیچے گیا، عوام کو کہنا چاہتا ہوں عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے نکلیں گے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ پچھلا انتخاب داغدار تھا، اپوزیشن کو آپ نے دیوار سے لگایا، جیلوں میں ڈالا تھا، ہمیں الیکشن میں اتحادیوں کی مشاورت کے ساتھ جانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انتخاب تو ہم نے ایک دوسرے کے خلاف لڑنا ہے، سب چاہتے ہیں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ہوں۔
نومنتخب وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی، آصف علی زرداری، بلاول بھٹو سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔