• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ 30 روز میں کرنے کا حکم PTI نے چیلنج کر دیا

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ 30 روز میں کرنے کا حکم اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔

پی ٹی آئی نے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی۔

پی ٹی آئی کے رہنما، سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی ہے۔

انٹرا کورٹ اپیل میں کہا گیا ہے کہ سنگل بینچ کے فیصلے کا ایک پیراگراف قانون سے مطابقت نہیں رکھتا، سنگل بینچ نے ’فیس دی میوزک‘ جیسی اصطلاح بھی استعمال کی، ایسے سخت اور غیر پارلیمانی الفاظ سنگل بینچ کا مینڈیٹ نہیں تھا، پیراگراف کو عدالتی حکم نامے سے حذف کیا جائے۔

پی ٹی آئی کی انٹرا کورٹ اپیل میں کہا گیا ہے کہ سنگل بینچ کے فیصلے میں لفظ ’فارن فنڈنگ‘ استعمال کیا گیا، الیکشن کمیشن کے سامنے فارن فنڈنگ کا نہیں ممنوع فنڈنگ کا کیس ہے؟

دائر کی گئی تحریکِ انصاف کی انٹرا کورٹ اپیل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 30 دن میں فیصلے کی استدعا درخواست میں شامل ہی نہیں تھی، سنگل بنچ کا 30 دن میں فیصلے والا حکم نامہ کالعدم قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ جسٹس محسن اختر کیانی نے الیکشن کمیشن کو 30 روز میں کیس کا فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید