• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کا پاسپورٹ رکھنے کا حکم دینے والا بینچ درخواست کی سماعت کرے: عدالت


لاہور ہائی کورٹ نے ن لیگ کی رہنما، سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی عمرے پر جانے کی اجازت اور پاسپورٹ واپسی کے لیے دائر کی گئی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہتر ہے مریم نواز کی درخواست پر سماعت بھی وہی بینچ کرے جس نے پاسپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

جسٹس شہباز علی رضوی اور جسٹس انوار الحق پنوں پر مشتمل بینچ نے درخواست کی سماعت کی۔

دورانِ سماعت مریم نواز کے وکیل احسن بھون نے عدالت کو بتایا کہ مریم نواز کی لاہور ہائی کورٹ سے ضمانت منظور ہوئی تھی اور عدالت نے مریم نواز کا پاسپورٹ ہائی کورٹ آفس میں جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

جسٹس شہباز علی رضوی نے کہا کہ پاسپورٹ رکھنے کا حکم جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے جاری کیا تھا، بہتر ہے کہ مریم نواز کی درخواست پر سماعت بھی وہی بینچ کرے۔

اس کے ساتھ ہی جسٹس شہباز رضوی اور جسٹس انوار الحق پنوں کے بینچ نے درخواست چیف جسٹس کو بھجوا دی۔

واضح رہے کہ مریم نواز کے عمرے پر جانے کی اجازت کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرنے پر عدالت نے سماعت آج مقرر کی تھی۔

مریم کی درخواست میں استدعا

عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں مریم نواز نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عدالتی حکم پر پاسپورٹ سرینڈر کر رکھا ہے۔

مریم نواز کا اپنی درخواست میں کہنا ہے کہ میں عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جانا چاہتی ہوں۔

درخواست میں ن لیگی رہنما نے استدعا کی ہے کہ عمرے کی ادائیگی کے لیے جانے کی اجازت دی جائے۔

یاد رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کو پاسپورٹ سرینڈر کرنے کا حکم دیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید