پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے حکومت کی جانب سے عمران خان کے وزیر اعظم کے طور پر ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کے معاملے پر رسیدیں سامنے لانے پر ردعمل دے دیا۔
اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ پوری چوں چوں مربہ حکومت ہیلی کاپٹر فوبیا کی مریض دکھائی دیتی ہے، عقل کے اندھوں کو حساب کرنے کا شوق ہے مگر آتا نہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم کا اپنا ہیلی کاپٹر ہوتا ہے جس کے استعمال پر کم از کم اخراجات اٹھتے ہیں، کمرشل نرخوں کا ان ہاؤس فیسیلیٹی سے موازنہ مضحکہ خیز ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کے فی گھنٹہ کمرشل اخراجات لگانا حماقت اور بیوقوفانہ حرکت ہے، اپنی رسیدیں سارے ٹبر کو آج تک نہیں مل پا رہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان پر ڈائریاں لے جانے کے الزامات لگا رہے ہیں، بدعنوان پہلے ہی سے تھے، اب ملت فروشی اور سازشی ہونے کی صفائی قوم کو دیں۔
انہوں نے کہا کہ نئے انتخابات کا اعلان کریں قوم خود حساب کرلے گی۔