ترجمان بلاول ہاؤس نے کہا ہے کہ عمران نیازی وہ کٹھ پتلی ہے جس کی بیٹری کا چارجر گم ہو گیا ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت کا پیسہ جلسوں پر پانی کی طرح بہایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیدرلینڈ کا وزیراعظم 250 یورو کی سائیکل پر آفس جاتا ہے، نیازی نے جہاز کے کرایے پر 98 کروڑ پھونک ڈالے۔
بلاول ہاؤس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ نیازی کے پاس گھسے پٹے 30 جملوں کے علاوہ سنانے کے لیے کچھ نہیں، جھوٹ بولنا، جھوٹے وعدے، بہتان طرازی اور نفرت پھیلانے کو عمران گردی کہتے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاک سرزمین پر ٹھوکریں کھانا مشرف کے چیف ایجنٹ اور کلبھوشن کے وکیل کا مقدر ہے۔