نومنتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برداری کی تقریب میں اتحادی جماعتوں کو تاحال دعوت نہ دی جاسکی۔
پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حلف برداری کی تقریب میں شرکت کا شوق نہیں، لیکن دعوت نہ دینا اچھی بات نہیں۔
ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ عین وقت پر اتحادیوں کو دعوت دی گئی تو شرکت کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برداری آج متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی حلف لینے لاہور آئیں گے، پنجاب کے گورنر ہاؤس کے دربار ہال میں تقریب حلف برداری کی تیاریاں جاری ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نومنتخب وزیر اعلیٰ کی تقریب حلف برداری بعد افطار ہوگی، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف کی شرکت بھی متوقع ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز سے بطور وزیر اعلیٰ حلف نہ لیے جانے کے خلاف درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ آئین کے تحت گورنر نو منتخب وزیر اعلیٰ سے فوری حلف لینے کا پابند ہے، آئین کے آرٹیکل 130 کے تحت گورنر کو نومنتخب وزیر اعلیٰ کو بلانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔