• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، 26 اپریل سے یکم مئی تک کراچی میں گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ 26 اپریل سے یکم مئی تک شہر قائد میں پارہ 38 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھوسکتا ہے جبکہ کسی دن درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی جانے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں دن کے اوقات میں ہواؤں کی رفتار کم رہے گی، دن کے بیشتر حصے میں مغرب اور شمال مغرب سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔

چیف میٹرو لوجسٹ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں بھی کل سے گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، بالائی سطح پر ہوا کا زیادہ دباؤ بن رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حیدر آباد اور نوابشاہ میں پارہ 44 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنےکا امکان ہے جبکہ دادو، سکھر، لاڑکانہ اور دیگر علاقوں میں بھی پارہ 44 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ علاقوں میں پارہ 48 ڈگری کو بھی چھوسکتا ہے جبکہ جیکب آباد، بہاولپور اور خانپور میں پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

سردار سرفراز نے کہا کہ جنوبی اور وسطی پنجاب بھی گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، 3 مئی تک پاکستان کے مختلف علاقوں میں گرمی کی شدت زیادہ رہے گی۔

قومی خبریں سے مزید