• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہوسکتا ہے بیٹی کی ویڈیوز بنا کر اسے بلیک میل کیا ہو: والدہ دعا زہرہ

کراچی سے لاپتہ ہونے والی دعا زہرہ کی والدہ کا کہنا ہے کہ میری بیٹی ویڈیو میں خوف زدہ نظر آ رہی ہے، ہو سکتا ہے بیٹی کی ویڈیوز بنا کر اسے بلیک میل کیا گیا ہو۔

’’نکاح نامہ جعلی ہے‘‘

دعا زہرہ کے والد مہدی کاظمی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس نے نکاح پڑھایا نکاح نامے پر اس کی مہر نہیں، بچی کا نکاح نامہ جعلی ہے۔

دعا زہرہ کی والدہ نے کہا کہ اس نے کہا ہے کہ میں نے نکاح نہیں پڑھایا، میں وکیل کی بیٹی ہوں اتنا قانون میں بھی جانتی ہوں۔

لڑکی کی والدہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہوں نے دیکھا کہ بچی کو اب وہ چھپا نہیں سکتے تو بچی کا نکاح کرا دیا۔

مہدی کاظمی نے کیا کہا؟

اس موقع پر دعا زہرہ کے والد مہدی کاظمی نے کہا کہ میری درخواست ہے کہ بچی کو کراچی لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بچی کو اگر میرے پاس نہیں تو چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے کیا جائے۔

ابھی میری شادی کو 18 سال نہیں ہوئے‘‘

مہدی کاظمی نے کہا کہ ابھی تو میری شادی کو 18 سال نہیں ہوئے، مکمل تفتیش کی جائے تاکہ معلوم ہو کہ اصل معاملہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 7 مئی 2005ء کو میری شادی ہوئی، میری شادی کو 18 سال نہیں ہوئے تو بچی کیسے 18 سال کی ہو گئی، میرے پاس بچی کا 27 اپریل 2008ء کا برتھ سرٹیفکیٹ ہے۔

’’گیم کے میسیجنگ سسٹم سے لڑکے نے بیٹی کو ٹریپ کیا‘‘

مہدی کاظمی نے الزام عائد کیا کہ میری بیٹی سے جو کہلوایا جارہا ہے وہ اسی طرح بول رہی ہے، گیم کے اندر میسیجنگ سسٹم سے لڑکے نے میری بیٹی کو ٹریپ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور آئی جی سندھ سے درخواست ہے کہ بچی کو کراچی لایا جائے، مجھے چائلڈ پروٹیکشن بیورو پر مکمل اعتماد ہے، بچی ان کےحوالے کی جائے۔

دعا زہرہ کے والد نے یہ بھی کہا کہ بچی کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کر کے معاملے کی شفاف تفتیش کی جائے۔

قومی خبریں سے مزید