ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کا کہنا ہے کہ چار بہار اور گوادر حریف نہیں، دوست بندرگاہیں ہوں گی، ایران نے کبھی افغان طالبان کی حمایت نہیں کی، افغان مہاجرین کو اب وطن واپس جانا چاہیے۔
اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب میں ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ چاہ بہاربین الاقوامی اور علاقائی روابط کو قائم کرنے کا منصوبہ ہے، ایران دہشت گردوں کے خلاف کسی قسم کی تمیز نہیں رکھتا، ملا منصور افغان طالبان کا سربراہ تھا، ایران نے اسے کوئی تحفظ یا مدد نہیں دی۔
ایرانی سفیر نے کہا کہ کچھ ممالک دہشت گردی کے خلاف باتیں بہت کرتے ہیں لیکن دوسری طرف دہشت گردوں کو تحفظ فراہم کرتے ہیں، یہ ممالک دہشت گردوں کی مالی کرتے ہیں اور لاجسٹک سپورٹ دیتے ہیں،ان ممالک میں دہشت گردوں کے بینک اکاؤنٹ ہیں، دہشت گرد ان ممالک کے ذریعے تیل کی تجارت کرتے ہیں۔
مہدی ہنر دوست نے مزید کہا کہ افغان مہاجرین کو اپنے وطن واپس جانا چاہیے، پاکستان اور ایران گزشتہ تین دہائیوں سے افغان مہاجرین کا بوجھ برداشت کر رہے ہیں۔