چینی وزارت خارجہ نے کراچی یونی ورسٹی میں خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ہلاک افراد کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت اور ہمدردی کی ہے۔
وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ چین اس بڑےدہشت گرد حملے کی شدید مذمت اور غم و غصے کا اظہار کرتا ہے۔
چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ کراچی دھماکے میں ہلاک چینی باشندوں کا خون رائیگاں نہیں جانا چاہیے۔
وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں چینی شہریوں پر حملہ کرنے والوں کو اس کی قیمت ادا کرنا ہوگی۔
پاکستان میں چینی سفارتخانے نے بھی کراچی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کی درخواست کی ہے۔
چینی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ پاکستان مستقبل میں ایسے واقعات دوبارہ نہ ہونے کو یقینی بنائے۔
واضح رہے کہ کراچی یونی ورسٹی میں بم دھماکے میں 3 چینی شہریوں سمیت 4 افراد ہلاک ہوئے تھے۔