وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پہنچ کر مدینہ منورہ میں روضہ رسول پر حاضری دی، درود و سلام پیش کیا، ملکی استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
وزیراعظم شہباز شریف ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب پہنچے، گورنر مدینہ فیصل بن سلمان آلِ سعود نے اعلیٰ سعودی حکام کے ہمراہ وزیر اعظم کا استقبال کیا۔
وفاقی وزراء بلاول بھٹو، مفتاح اسماعیل، شاہ زین بگٹی، مریم اورنگزیب، خواجہ آصف، چوہدری سالک حسین، خالد مقبول صدیقی، محسن داوڑ اور مولانا طاہر اشرفی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔
منصب وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے، دورے کے دوران وزیراعظم سعودی ولی عہد اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم اقتصادی و تجارتی روابط بڑھانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر بات چیت کریں گے، دونوں ممالک باہمی دلچسپی، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف اقتصادی وتجارتی روابط بڑھانےسرمایہ کاری پر بات کریں گے، پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع کے لیے بات کریں گے۔