• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلا سوال:ایم ایس سی ڈگری کی حامل، تعلیم یافتہ لڑکی، جو دو بچوں کی ماں ہو، فلسفے اور تاریخ کی کتابیں پڑھتی ہو، ٹویٹر پر اپنے شوہر اور بچوں کی تصاویر پوسٹ کرتی ہواور اسکول میں پڑھاتی بھی ہو، اگر خود کُش جیکٹ پہن کر چار بے گناہ افراد کو ہلاک کردے تو کیا اُس میں اور طالبان میں کوئی فرق ہوگا ؟دوسرا سوال:کیا مسلح جدو جہد، چاہے وہ اپنے حقوق کے حصو ل کے لیے ہو، آزادی کے لیے ہو یا کسی اعلیٰ و ارفع نظریے کی بالادستی کی خاطر ہو، کو جائز قرار دیا جا سکتا ہے ؟

 تیسرا سوال: اگر مسلح جدوجہد کسی بھی اعتبار سے جائز فعل نہیں تو پھر کیا فرانز فانن اور چی گویرا کی تصاویر محض دیواروں پر آویزاں کرنے کی غرض سےلگائی جاتی ہیں ؟ چوتھا سوال : معاشرے کا سب سے پسا ہوا طبقہ، جس کی کوئی شنوائی نہیں، جب اپنی مسلح جدوجہد میں عام شہریوں کو نشانہ بناتا ہے تو کیا اس فعل کی حمایت کی جا سکتی ہے ؟ پانچواں سوال: کیا خود کش حملوں کے نتیجے میں ریاست مجبور ہو کر اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرتی ہے یا الٹا اُس طبقے پر زمین مزید تنگ کر دی جاتی ہے؟کراچی یونیورسٹی میں خود کُش دھماکہ ہوا،اِس دھماکےکا جو ردِ عمل سامنے آیا اُس میں ہرطبقہ فکر کے افراد نے، بشمول اُن کے جو بلوچستان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتے رہتے ہیں، دھماکے کی مذمت کی مگر ساتھ ہی اِس قسم کے تبصرے بھی کیے کہ ہمیں سوچنا چاہیے کہ آخر کیوں ایک پڑھی لکھی لڑکی خود کُش بمبار بننے پر مجبور ہوئی لہٰذاریاست کو چاہیے کہ وہ بلوچستان کے بارے میں اپنی پالیسی کا گہرائی سے جائزہ لے۔یہیں سےیہ پانچ سوالات جنم لیتے ہیں۔

ہم لوگوں کو جو لاہور، کراچی، اسلام آباد کے پُر آسائش گھروں میں رہتے ہیں، یہ اندازہ ہی نہیں کہ بلوچستان میں زندگی کیسی ہے، ایک عام بلوچی شخص کیا سوچتا ہے، اُس کو اپنے مستقبل کے بارے کس قسم کی نا امیدی ہے اور وہ ہماری ریاست کے اقدامات کو کس نظر سے دیکھتا ہے؟کبھی کبھی جب میں بلوچستان کی پسماندگی میں زندگی گزارنے والے بلوچ عوام اور لاپتا افراد کے لواحقین کے بارے میں سوچتاہوں تو کانپ اٹھتاہوں، مجھے لگتا ہے کہ اِن تمام معاملات میں ہمیں بلوچ عوام کے نقطہ نظر کی حمایت کرنی چاہیے کیونکہ بلوچستان کا مفاد ہی پاکستان کا مفاد ہے۔ مگر اِس غیر مشروط حمایت کے باوجود اُس خود کُش حملے کا جواز فراہم نہیں کیا جا سکتا جو تیس برس کی شاری بلوچ عرف برمیش نے جامعہ کراچی میں کیا۔

اُس کی وجہ یہ ہے کہ اگر اِس حملے کا جواز تراشا جا سکتا ہے تو پھر طالبان کے خود کُش حملوں کا جواز قبول کرنے میں کیا حرج تھا؟ ۔مسلح جدو جہد بظاہر بہت رومانوی تصور ہے، چی گویرا سے لے کر نیلسن منڈیلا تک سب نے اپنے حقوق کیلئے بندوق اٹھائی، مگر اِس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ نہتے شہریوں کا قتل عام شروع کردیں.

 شاری بلوچ نے جن چار لوگوں کا قتل کیا، اُن میں سے ایک غریب ڈرائیور تھا اور باقی تین چینی باشندے، عام سیدھے سادے بے گناہ لوگ تھے جن کا سی پیک، گوادر، بلوچستان سے کوئی لینا دینا نہیں تھا۔میں نے شاری بلوچ کا ٹویٹر اکاؤنٹ دیکھا ہے، اس اکاؤنٹ کو دیکھ کر یوں لگتا ہے جیسے وہ انقلاب، مزاحمت اور مسلح جدوجہد جیسے تصورات سے بہت متاثر تھی.

 خود کُش حملے سے دس گھنٹے پہلے اُس نے معنی خیز انداز میں ’خدا حافظ‘ کی ٹویٹ کی جو کچھ یوں تھی ’رخصت اف اوران سنگت‘۔ ایک ٹویٹ میں اُس نے چند کتابوں کی تصویر دکھائی اور لکھا کہ انہیں پڑھنے کا ارادہ ہے، اِن کتابوں میں کافکا، گیبرئیل گارشیا مارکیز اور رچرڈ ڈکنز کی کتابیں شامل تھیں۔

ظاہر ہے کہ اِس قسم کی لڑکی نے جب خود کش دھماکہ کیا تو بہت سے لوگ یہ کہنے پر مجبور ہوگئے کہ بلوچستان کی محرومیوں کا ازالہ ضروری ہے اورسوچنا چاہیے کہ ایسی لڑکی نے انتہائی قدم کیوں اٹھایا۔

اِس میں کوئی شک نہیں کہ بلوچستان کی محرومیوں کا ازالہ ریاست کی اولین ترجیح ہونی چاہئے اور اس کے لیے ہمیں کسی تعلیم یافتہ خود کُش بمبار کے حملے کا انتظار نہیں کرنا چاہیے مگر یہ خود کُش حملہ کسی طور درست قرار نہیں دیا جا سکتا۔ خود کُش بمبار چاہے آکسفورڈ کا تعلیم یافتہ ہو یا مدرسے کا، اگر وہ نہتے شہریوں کو نشانہ بنائے گا تو یہ جرم ناقابل معافی ہی کہلائے گا۔

جامعہ کراچی کے خود کُش حملے سے بلوچ عوام کے لیے مزید مشکلات پیدا ہوں گی، یہ بات لکھتے ہوئے مجھے سخت تکلیف ہو رہی ہے کیونکہ بلوچستان کے لوگوں کے لیے تو پہلے ہی حیات جرم ہے اور زندگی وبال ہے۔

لاپتا افراد کے لواحقین جب اپنے پیاروں کی تصاویر اٹھا کر اسلام آباد کی شاہراہِ دستور پر خاموشی سے بیٹھتے تھےتو روح لرزجاتی تھی، یہ درجن بھر لوگ اپنی پردہ دار عورتوں اورمعصوم بچوں کے ساتھ خالی خالی آنکھوں سے اپنے ارد گردکھڑی پُر شکوہ عمارتوں کو دیکھ کرسوال کرتے تھےکہ اُن کے پیارے کس قانون کے تحت اور کس جرم میں اٹھائے گئےہیں تویہ سوال ہمارے چہرے پر ایک زناٹے دار تھپڑ کی طرح لگتا تھا۔

ہم لاکھ تاویلیں دیتےکہ یہ لوگ غیر قانونی سرگرمی میں ملوث تھے یا کسی دہشت گردی کے جرم میں مطلوب تھے، بات نہیں بنتی تھی، کیونکہ ملک کا آئین بہرحال انہیں اپنے قانونی دفاع کا حق دیتا ہے۔

 بے شک بلوچستان سے متعلق پالیسیوں میں خرابی ہوگی اور وہ سب خرابیاں درست کرنا ریاست کی اولین ترجیح ہونی چاہیے مگر کیا اِس خود کُش حملے کی وجہ سے ریاست اُن پالیسیوں پر نظر ثانی کرنے پر مجبور ہو جائے گی تو جواب ہے کہ نہیں، ریاستیں اِس طرح خود کُش حملہ آوروں کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکتیں۔

سری لنکا کے صوبے جافنا میں تامل ٹائیگرز کی تحریک اِس سےکہیں زیادہ متشدد تھی اورتامل باغیوں نے تو ریاست کے اندر ریاست بھی بنا رکھی تھی مگر اِس کے باوجود وہ سری لنکا کی فوج کے آگے نہیں ٹِک سکے، پاکستان تو اُس کے مقابلے میں کہیں زیادہ مستحکم ہے۔ بلوچ مزاحمت کاروں کو یہ بات سوچنی ہوگی کہ وہ جس راستے پر چل رہے ہیں اُس کا کوئی بھی نتیجہ اُن کے مفاد میں نہیں نکل سکتا۔

خود کُش حملے میں بے گناہ لوگوں کو قتل کرنے والی لڑکی کے مقابلے میں اُس معصوم بلوچ بچے کا احتجاج کہیں زیادہ پُر اثر ہے جو اپنےلا پتا والد کی تلاش میں شاہراہ دستور پراپنی ماں اور بہنوں کے ساتھ بیٹھاہے۔ سو یہ فیصلہ اب اُن مزاحمت کاروں کا ہے کہ انہوں نےکون سا راستہ اختیار کرنا ہے!

تازہ ترین