سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ قوم کو حقیقی آزادی دلوانے کیلئے پر عزم ہیں، پسپا نہیں ہوں گے۔
بنی گالہ میں عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کا اجلاس ہوا، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور ملک گیر عوامی رابطہ مہم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پی ٹی آئی اعلامیے کے مطابق دوران اجلاس چیئرمین پی ٹی آئی نے چاند رات پر عوام کے باہر نکلنے کی کال پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اعلامیے کے مطابق اس موقع پر میانوالی، جہلم، فیصل آباد، سیالکوٹ اور چکوال کے آئندہ جلسوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پی ٹی آئی اعلامیے کے مطابق دوران اجلاس مختلف شہروں میں عمران خان کے آئندہ جلسوں کے پروگرام پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔
عمران خان نے کہا کہ حکومت کی تبدیلی کے لیے بیرونی سازش کی ایک اور معتبر شہادت امریکا سے موصول ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی خودمختاری کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑنے کے لئے مقامی میرجعفروں نے سہولت کاروں کا کردار ادا کیا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ سازش میں کارفرما کرداروں کی نشاندہی نہ کی تو بیرونی مداخلت و اغیار کی سہولت کاری کا کلچر فروغ پائے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کو حقیقی آزادی دلوانے کا عزم کیا ہے، کسی طور پسپائی اختیار نہیں کریں گے، قوم تیار رہے، کٹھ پتلیوں کیخلاف فیصلہ کن تحریک کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ قوم سیاسی تقسیم سے بالاتر ہوکر ملکی آزادی اور قومی خودمختاری کےتحفظ کے ایجنڈے کےساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مئی کے آخر میں ہونے والا ”غلامی نامنظور مارچ“ پاکستانی کی حقیقی آزادی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔