وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے سیکریٹری صحت سے لودھراں میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے بچی کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔
اس حوالے سے حمزہ شہباز نے ہدایت کی ہے کہ انکوائری میں غفلت کے ذمے داروں کا تعین کر کے قانونی کارروائی کی جائے۔
حمزہ شہباز نے مزید کہا ہے کہ مریضوں کی دیکھ بھال اور علاج میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال لودھراں میں مذکورہ بچی انتقال کر گئی تھی۔
بچی کے والد عبدالرزاق کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ وہ رات 10 بجے اپنی بیٹی کو اسہال اور الٹی کی کیفیت میں اسپتال لے کر آئے تھے کہ ڈاکٹروں نے اسے چیک کر کے دوا دی اور کہا کہ بچی ٹھیک ہے اسے گھر لے جاؤ۔
بچی کے والد نے بتایا کہ طبعیت خراب ہونے پر دوبارہ بچی کو اسپتال لایا گیا لیکن اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی اور ڈاکٹر موبائل استعمال کرتا رہا۔
عبدالرزاق نے الزام لگایا ہے کہ ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت اور لاپروائی کی وجہ سے اس کی بیٹی فوت ہوئی ہے۔