سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ابھی پہلا معرکہ مارا ہے اور معرکے مارنے ہیں۔
نوابشاہ میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کہنا تھا کہ میں ساتھیوں سے کہتا ہوں کہ رشتہ کرنا آسان ہوتا ہے مگر ووٹ لینا بہت مشکل ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیل کی سختیوں نے مجھے بہت کچھ سکھایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ساتھی کہتے ہیں نوابشاہ میں گرمی بہت ہے، آپ کو تکلیف ہوگی، میں کہتا ہوں کیا میں پیرس میں پیدا ہوا تھا، میری پیدائش نواب شاہ کی ہے اور گرمی میرا کچھ نہیں کرسکتی۔
سابق صدر نے کہا کہ میں یہاں کا موسم بھی ٹھیک کروں گا اور ماحول بھی، ملک اور اس ملک کی معیشت بھی میں ٹھیک کروں گا۔
شریک چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ میں اس ملک کو وہ عزت دلواؤں گا جو اس ملک کی پہچان ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پہلا معرکہ ہم مارچکے ہیں، آگے بھی کامیابیاں ہماری ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بچوں، اپنے کارکنوں اور عوام کے لیے ساری دنیا سے لڑنے کو تیار ہوں، یہی وجہ ہے کہ اکثر لوگ مجھے کہتے ہیں آئی لو یو مور۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ہمارا یہ نصیب نہیں کہ پاکستان ہمیشہ ایک غریب ملک رہے، صدر تھا اس وقت بھی ملک کو امیر بنارہا تھا، اب بھی امیر ممالک میں شامل کروں گا۔
سابق صدر نے کہا ہے کہ صرف بڑے لوگ امیر ہوں گے تو ملک امیر نہیں ہوگا، ملک تب امیر ہوگا ہے جب غریب امیر ہوگا۔