سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ بے فیض ہوتے ہی عمران خان کی حکومت دھڑام سے گر گئی۔
اٹک میں عوامی جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کے نیچے سے کرسی کھسکی ہے تو اوپر سے دماغ ہل گیا ہے، یہ ہر روز ایک نیا جھوٹ بولتا ہے۔
انہوں نے حاضرین جسلہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مبارک ہو عمران خان جیسی نحوست سے آپ کی جان چھوٹ گئی، یہ نحوست عوام کی بجلی، آٹا، چینی کھاگئی۔
ن لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ آپ کو دن رات کام کرنے والا وزیراعظم مبارک ہو، عمران خان کو اتنا دکھ اپنی حکومت جانے کی نہیں جتنی تکلیف شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان اس دکھ کی عادت ڈال لو، اب آنے والا دور نواز شریف، شہباز شریف ن لیگ کا ہے، ابھی شہباز شریف کو ایک مہینہ ہوا، آٹا چینی سستی ہوگئی، بجلی کے بند کارخانے چلا دیے۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ دن ایک بجے دفتر آکر 4 بجے غائب ہونے والا عمران خان، دوسری طرف شہباز شریف فجر کی نماز پڑھ کر عوام کی خدمت کے لیے حاضر ہوجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس نے پوری زندگی بوٹ صاف کیے ہوں اس کو بوٹ صاف کہنے کے سوا کچھ نہیں آتا، یہ جانتا ہے کہ شہباز شریف ہر آنے والے دن اس کی نااہلی نالائقی کے داستان سامنے لائے گا۔
ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ جب بزدار رخصت ہوا تو پورے پنجاب میں بجلی نہیں تھی، عمران خان نے نہ خود کام کیا نہ کسی کو کرنے دیا، چار سال انتقام میں لگا رہا، یہی وجہ ہے وقت پر ڈیزل اور نہ ہی تیل منگوایا۔
اُن کا کہنا تھا کہ کبھی کہتا ہے کہ سازش ہوگئی، وہ خط جس کا وجود ہی نہیں تھا، میں نے تو کہا تھا کہ یہ خط دکھا دکھا کر باقی زندگی پیسے مانگا کرے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ کبھی کہتا ہے کہ خط 7 مارچ کو آیا، اب کہا کہ میں تو ایک سال سے جانتا تھا کہ سازش ہورہی ہے، ہمیں یہ کہتا رہا کہ دعا مانگتا ہوں کہ تحریک عدم اعتماد آئے، جب اللہ نے دعا سن لی تحریک عدم اعتماد آگئی اور کامیاب ہوگی تو پھر رونا کس بات کا ہے؟
انہوں نے کہا کہ وہ آنکھیں اور کان نہیں تھے، وہ بیساکھیاں تھیں، جس پر اس کی حکومت کھڑی تھی، بے فیض ہوتے ہی عمران خان کی حکومت ڈھڑام سے گر گئی۔
ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ لوٹ کے کھا گئے پاکستان، گوگی، پنکی اور کپتان، فرح گوگی کا کھرا سیدھا بنی گالا کو جاتا ہے، یہ جس مارچ پر بلارہا ہے، وہ آزادی مارچ نہیں گوگی بچاؤ مارچ ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ علیمہ باجی کی سلائی مشینوں کا تو سنا ہے ناں، کتنی بدنصیب ہے وہ بہن جس کو بچانے یہ کبھی نہیں آیا، لیکن ٹی وی پر آکر کہتا ہے فرح خان نے کچھ نہیں کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کے 4 سال میں 22 کروڑ عوام میں ایک فرح خان ہے، جس کے پیسے بڑھتے رہے، جو راتوں رات پولیس کے پہرے میں دبئی فرار ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ فرح خان جہاں بھی ہوگی، رانا ثنا اللہ اسے ڈھونڈ کر پاکستان واپس لائے گا۔
ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ قوم کو لنگر خانے پر لگا کر خود توشہ خان، توشہ خانے کو لوٹتا رہا۔ عمران خان 15 کروڑ کی آرمڈ بی ایم ڈبلیو اپنے ساتھ لے گیا، اب وزیراعظم ہاؤس فون کرکے کہتا ہے، گاڑی خراب ہوگئی، اس کی جگہ وی ایٹ دے دو۔ وزیراعظم ہاؤس سے جاتے ہوئے نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی نے گاڑی نہیں لی۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران کہتا تھا ن لیگ نے بجلی کے اتنے کارخانے لگادیے جتنی بجلی ضرورت نہیں تھی۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران جانتاہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں کروڑوں اربوں روپے غلط طریقے سے پاکستان لایا، لاکھوں ڈالر اینٹھو تم اور استعفیٰ چیف الیکشن کمشنر دے، کوئی استعفیٰ نہیں دے گا، عمران تمہیں اپنی چوریوں کا حساب دینا پڑے گا۔