وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم عمران خان کو چور، جھوٹا، بھکاری، سازشی قرار دے دیا۔
عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر کوئی چور، جھوٹا، بھکاری، سازشی تھا یا ہے تو وہ عمران خان تم ہو۔
انہوں نے کہا کہ 4 سال اپوزیشن اور میڈیا کی زبان بندی کی گئی، عمران خان آج بھی کنٹینر والی گفتگو اس لیے کر رہے ہیں کہ کوئی ان کے دور حکومت کی کارکردگی نہ پوچھ لے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ عمران خان کو اپنے جانے کا نہیں، شہباز شریف کے آنے کا غم ہے، شہباز شریف ایک بھی لوٹے کا ووٹ لے کر وزیراعظم نہیں بنے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان 4 سال وزیراعظم تھے، غلط کام کا حساب کیوں نہیں لیا؟ کیوں ثبوت دے کر تمام الزامات کو ثابت نہیں کیا۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں جو بھی کرپشن اور لوٹ مار ہوئی ہے اس کا حساب لیا جائے گا، جس جس نے عمران خان کے کہنے پر ملک کو لوٹا اس کا حساب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ فرح گوگی نے پنجاب کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا، گوگی بچاؤ تحریک کے ذریعے تم توجہ نہیں ہٹا سکتے۔
وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ ہم کسی قسم کی بلیم گیم نہیں کریں گے لیکن کارکردگی ضرور بتائیں گے، سیاست اگر کارکردگی کی بنیاد پر چانچی جائے گی تو عوام کا فائدہ ہوگا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر بارہا کہہ چکے ہیں اداروں کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے، اظہار رائے کو ذمہ داری کے ساتھ نبھانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تنقید اگر بہتری کے لیے ہو تو ہم نے ہمیشہ اسے قبول کیا ہے، صحافیوں کے ساتھ جب غنڈا گردی کی گئی تو ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 4 سال تم اقتدار میں تھے لیکن آج بھی مخالفین پر الزامات لگا رہے ہو، ان کو ان کے اتحادیوں نے وعدے پورے نہ کرنے پرچھوڑا۔
انہوں نے استفسار کیا کہ تم نے کون سا ایٹم بم بنایاتھا، جو امریکا نے تمہیں ہٹانے کی سازش کی؟ کوئی سازش نہیں ہوئی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ تم کہتے ہو لانگ مارچ خونی مارچ ہوگا، اگر خونی مارچ ہوگا تو اسے روکا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ چار سال پارلیمنٹرین اور میڈیا پر زبان بندی کی گئی، 4 سال ہماری اور پارلیمان کی زبان بندی کی، آج بداخلاقی سے قوم کو پیغامات دے رہے ہیں، عمران خان نوجوانوں کی تربیت کا درس رہے تھے اگر تربیت ہوئی تو والدین توبہ شروع کردیں۔
وزیرِاطلاعات نے مزید کہا کہ شہباز شریف کا بخار صبح دو پہر شام عمران خان چڑھا ہوا ہے، ہم نے ایسے وزیراعظم کو اقتدار سے نکالا جو آٹا چینی اسکینڈلز میں ملوث رہا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ادویات روٹی آٹا چینی گھی بجلی و گیس چوری کیا، شہباز شریف کشکول توڑ کر دوست ممالک کے پاس ترقی کے لیے گئے۔