• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان نے کل جو بات کی وہ انتہائی خطرناک ہے، شہباز شریف

وزیراعظم شبہاز شریف  کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کل جو بات کی وہ انتہائی خطرناک ہے، نواب سراج الدولہ کے سپہ سالار کی بات کر کے عمران خان نے اداروں کو براہ راست نشانہ بنایا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے تیل اور گیس وقت پر نہیں منگوائے، جب گیس سستی ترین تھی انہوں نے سودے نہیں کیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت مہنگا ترین تیل خریدتی رہی، 2018 میں جتنے قرضے تھے، پونے چار سالوں میں  85 فیصد اضافہ ہوا، پونے چار سالوں میں مجموعی قرضوں میں 80 سے 85 فیصد اضافہ ہوا۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی نے ادارے کے بارے میں بدترین گفتگو کی، سراج الدولہ اور میر جعفر کا نام لے کر جو مثال دی، اس سے بری حرکت نہیں ہوسکتی، ادارے کے بارے میں جو زہر اگلا پاکستان کے خلاف سازش ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس کو نہ روکا گیا تو خدانخواستہ یہ ملک شام اور لیبیا کی بھیانک تصویر بن جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ آپ تو لاڈلے تھے، آپ کو ادارے نے بچے کی طرح دودھ پلایا، جس طرح مقتدر ادارے نے عمران نیازی کو سپورٹ کیا، کسی کو نہیں کیا، عمران نیازی نے پھر بھی کچھ نہیں سیکھا، بری طرح ناکام رہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ سلسلہ سختی سے نہ روکا گیا تو ملک میں بھونچال آسکتا ہے، جتنی سپورٹ لاڈلے کو ملی، اس کا 30 فیصد بھی ہمیں ملتی تو ملک کو اُوپر لے جاتے۔

قومی خبریں سے مزید