وزیر بلدیات سندھ ناصر شاہ نے واٹر بورڈ کی لائنوں سے پانی چوری کرنے والوں کیخلاف سخت آپریشن کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ناصر حسین شاہ کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا جس میں انہوں نے زیر زمین پانی کے غیرقانونی طور پر نکالنے پر ماحولیاتی اثرات سے تحفظ کیلئے بھی اقدامات کی ہدایت کی۔
صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ آپریشن قانون نافذ کرنے والے اداروں، کمشنر، ڈپٹی کمشنرز و ماتحت افسران کی مدد سے کیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ بلنگ کے مسائل کو حل کرے اور پانی کے بلوں کی بروقت ترسیل اور نادہندگان کو وارننگ جاری کی جائے۔
انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ وارننگ کے باوجود عدم ادائیگی پر کنکشنز منقطع کیا جائے، پانی چوری میں ملوث افراد کیخلاف قانون کے مطابق پرچہ درج کر کے گرفتار کیا جائے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ واٹر بورڈ کی لائنوں سے لیکیج روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔