• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آنے والے بجٹ میں غریب عوام کو ہیلتھ انشورنس اسکیم فراہم کرینگے، پرویز خٹک

پشاور(نیوزڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت قدرتی وسائل کے فعال استعمال کیلئے منصوبہ بندی کے ساتھ صنعتوں کے فروغ کیلئے پرکشش مراعات فراہم کر رہی ہے تا کہ صوبے میں روزگار کے مواقع پیدا کر کے بے روزگاری پر قابو پایا جا سکے۔ وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں لاہور کے صحافیوں کے ایک وفد سے باتیں کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کے معاون برائے اطلاعات مشتاق احمد غنی، سینئر وزیر شہرام خان ترکئی اور سیکرٹری اطلاعات طاہر حسن بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے وفد سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کو عوام نے نظام کی تبدیلی، اداروں کے اصلاح اور انصاف کی فراہمی کیلئے ووٹ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے ابتدائی دو سال اداروں کی اصلاح اور ضروری قانون سازی میں صرف ہو ئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میگا پراجیکٹ کے بجائے موجودہ اداروں کی اصلاح اور عام آدمی کو بہتر سہولیات پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے سکولوں، ہسپتالوں اور پولیس کے نظام کی اصلاح کے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تا کہ عوام کو بہتر خدمات فراہم کئے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ سکولوں کیلئے عمارت اور عملے کے معیار کے تعین کے ساتھ اساتذہ کی حاضری کیلئے مانیٹرنگ کا نظام رائج کیا گیا ہے جس کے اچھے نتائج مل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پندرہ ہزار پرائمری سکولوں کو پی ٹی سی کے ذریعہ فنڈز فراہم کئے گئے ہیں جبکہ باقی سکولوں کو اگلے بجٹ میں فنڈز مہیا کئے جائیں گے۔ اسی طرح مقامی حکومت کو 30فیصد ترقیاتی فنڈز کی منتقلی کے ساتھ اس کے استعمال کیلئے شعبوں کا تعین بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام ہائیر سیکنڈری سکولوں کی بہتری کیلئے 8بلین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ جبکہ اساتذہ کی ترقی کو نتائج سے منسلک کرنے کیلئے قانون سازی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں 20ہزار اساتذہ بھرتی کئے گئے ہیں جبکہ اگلے سال مزید 20ہزار بھرتی کئے جائیں گے۔ اسی طرح وزیراعلیٰ نے بتایا کہ تدریسی ہسپتالوں کو خود مختاری دی گئی ہے جبکہ ضلعی اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کو بتدریج خود مختاری دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اداروں میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ کر دیا ہے جس سے حالات بہت بہتر ہوگئے ہیں اور تھانہ کلچر، پٹوار، اور صحت کی سہولیات میں بہتری آئی ہے۔ اسی طرح صنعتی ترقی کیلئے خود مختار بورڈ بنائے گئے ہیں اور نجی شعبے کو اس میں شامل کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہسپتالوں میں عملے کی کمی پورا کرنے ڈاکٹروں، نرسز اور ٹیکنیشنز کی بھرتی کے ساتھ ڈاکٹروں کیلئے تنخواہوں میں ڈیڑھ لاکھ روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔ جبکہ صوبے میں ایمر جنسی خدمات، کینسر، کالے یرقان اور ذیابیطس کا مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں پانچ ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کیلئے مختلف منصوبے سرمایہ کاری کیلئے بالکل تیار ہے جبکہ 350چھوٹے پن بجلی کے منصوبوں پر 7بلین روپے خرچ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگلے مالی سال سے صوبے کے تمام پولیس سٹیشنز کو ماڈل سٹیشنز بنانے کیلئے فنڈز مہیا کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے میں امن و امان کی بحالی کیلئے باقاعدہ سے معلومات کا تبادلہ ہوتا ہے۔ انہوں نے ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن،  بلین ٹری سونامی، تجاوزات کے خاتمہ سمیت صنعتی ترقی کیلئے اقدامات سے وفد کو آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں سالانہ ترقیاتی فنڈز کا 80فیصد استعمال کیا گیا ہے جو دوسرے صوبے سے بہت بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وفاق سے پن بجلی کے بقایا جات کی مد میں صوبے کے 25ارب روپے ملتے تو ترقیاتی فنڈز کا استعمال سو فیصد سے بھی بڑھ جاتا۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو این او سی جاری کرنے میں رکاوٹ ڈال کر صوبے میں سرمایہ کاری اور ترقی کی حوصلہ شکنی کر رہی ہے۔ دریں اثناء اکبرپورہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت صوبے کے تمام وسائل غریب عوام کی حالت زندگی بہتر بنانے پر خرچ کرے گی۔ آنے والا بجٹ عوام دوست بجٹ ہوگا۔ ایک کروڑ غریب عوام کو خوشخبری دیتے ہیں کہ آنے والے بجٹ میں  ان کو ہیلتھ انشورنس اسکیم فراہم کریں گے۔ جس سے ہر غریب کو مفت علاج ہوسکے گا۔ اب تک ہر دور میں غریب عوام کا استحصال ہوتا رہا۔ پی ٹی ائی کے چیرمین عمران خان اس ملک کے واحد لیڈر ہیں۔ جو غریب عوام کی بہتری چاہتے ہیں۔  پختونوں کے نام پر سیاست کرنے والوں نے خیبرپختونخوا کو جتنا نقصان پہنچایا۔  تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ پی ٹی ائی کو عوام نے نظام کی تبدیلی کے لیے مینڈیٹ دیا۔ اوریہی وجہ ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت اسی ایک نکاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ماضی میں ایز ی لوڈ کلچر کرپشن کمیشن رشوت اور تقریریوں اور تبادلوں پر قیمتیں وصول کرنے سے اس صوبے کے عوام اورنوجوانوں کا ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ اب ایسا ہونا نہیں دیں گے۔ 2018 کے انتخابات میں پی ٹی ائی عوام کی طاقت سے دوتہائی سے زائد اکثریت سے حکومت بنائی گی۔ عمران خان ہی اس ملک کاآئندہ وزیر اعظم ہوگا۔اس موقع پر ویلج ٹو ناظم میاں سید مکرم شاہ ، ویلج تھری ناظم جہانزیب ، دوستان خان، وحید خان اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن سے مستعفی ہوکر پی ٹی ائی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
تازہ ترین