وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ہر روز فوجی قیادت کو دعوت دینے والے نے آج پالش اور برش اٹھالیا ہے۔
سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کے بیان پر ردعمل میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ایک دن گالی اور اگلے دن قوالی، باس اور چپڑاسٹی کی سیاسی زندگی کی یہ کل کہانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب الیکشن ہی ہوں گے، باس اور چپڑاسی اسی لیے پریشان ہیں، چار سال کالے کرتوت دکھانے والے اب کالی نیت سے بیان بازی کررہے ہیں۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ جھاڑو، گالی، آگ لگا دو، خون خرابہ یہ ان کا ذہنی معیار ہے، ملک کی ترقی پرجھاڑو پھیرنے والے اب جمہوری نظام پر جھاڑو پھیرنا چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ یہ بھی کہا کہ چار سال میں کمر توڑ مہنگائی کرنے والے اب سب سے اونچی آواز میں مہنگائی کے’بین‘ ڈال رہے ہیں، اخلاقی دیوالیہ پن کا شکار ٹولے نے ملک کو معاشی دیوالیہ پن کی نہج پر پہنچا دیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ وہ منحوس کردار ہیں، جو ڈالر کی قیمت بڑھنے پر اس لئے خوش ہوتے ہیں کہ انہیں سیاسی فائدے کی خیرات مل جائے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ چار سال معیشت تباہ کرکے ملک کو ڈیفالٹ کے کنارے پہنچانے والے یہ منحوس اعلان بھی آج خود ہی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کو یہ ندامت اور شرمندگی نہیں ہوتی کہ 4 سال کی ان کی لوٹ مار اور نااہلی نے عوام اور ملک کو فقیر بنادیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹی وی سے سیاسی زندگی پانے والے آؤٹ ہونے کے بعد نہ صرف وکٹیں لے کر بھاگ گئے بلکہ اب پورا سٹیڈیم گرانا چاہتے ہیں۔