• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بات اشاریوں، کنایوں میں تھی، شاید اب بلی تھیلے سے باہر آگئی، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ جو بات اشاروں کنایوں میں ہورہی تھی، شاید اب بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران خواجہ محمد آصف نے کہا کہ عمران خان کی کوشش ہے کہ حکومت گرنے کی ذمہ داری اس پر نہ آئے۔ عمران خان کو اتنی عقل ہی نہیں کہ الزامات کی بنیاد کیا ہے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ میرا خیال ہے کہ عمران خان کا ذہنی توازن درست نہیں رہا ،ہمارے ساتھ کیا ہوا، نواز شریف کے ساتھ کیا ہوا؟ ہم نے کوئی الزامات نہیں لگائے۔ میں بھی قومی احتساب بیورو (نیب) کا قیدی رہا ہوں، شہباز شریف، خواجہ سعد رفیق سب رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھاکہ گورننس ان سے ٹھیک نہیں ہوئی معاشی حالات ٹھیک نہیں ہوئے، ان کو کسی نے تو نہیں کہا کہ اپنے لوگوں کو کرپشن کرنے دو۔

خواجہ محمد آصف نے یہ بھی کہا کہ ان کو مختلف ادارے شیلٹر فراہم کرتے رہیں تو پھر سب ٹھیک ہے، اگر کوئی اپنی آئینی حدود میں واپس گیا ہے تو انہوں نے شور مچادیا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی انکار نہیں کرسکتا کہ ملک کے فیصلوں کا اختیار عوام کو ہے، ہم پر کسی طرف سے کوئی دباؤ نہیں، لندن میں اہم موضوع معیشت رہی۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ سمجھیں گے کہ عوام کے پاس جانے کی ضرورت ہے تو ایک سکینڈ نہیں ہچکچائیں گے، ہم اکیلے فیصلے نہیں کرسکتے حلیفوں کے ساتھ بھی مشاورت ہوگی۔

اُن کا کہنا تھا کہ گومگوں کی کیفیت معیشت کے لیے قاتل ہے، لندن میں ہم نے فیصلے نہیں کیے، تجزیہ کیا ہے، حلیفوں کے سامنے رکھیں گے، ویک اینڈ پر مشاورت مکمل ہوجائے گی پیر تک صورتحال واضح ہوجائے گی۔

قومی خبریں سے مزید