• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک کی قیادت کون کرے گا؟ فیصلہ عوام کریں گے، عمران خان

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کی قیادت کون کرےگا؟ فیصلہ کوئی مفرور نہیں عوام کریں گے۔

مردان میں جلسہ عام سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ عام انتخابات کی تاریخ نہ دی گئی تو اسلام آباد آنے والا سمندر سب کو بہالے جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کے غلام عوام نہیں ، وہ ہیں جن کے اربوں ڈالرز بیرون ملک میں پڑے ہیں،آصف زرداری ملک کی سب سے بڑی بیماری ہے۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہاکہ اسلام آباد آنے والے اپنے خوف کی زنجیریں توڑ کر آئیں، ہم نے ملک کو امریکا کے غلاموں سے آزاد کرانا ہے۔

اُن کا کہنا تھاکہ ڈیزل کے پرمٹ پر بکنے والے کو مولانا نہیں کہہ سکتا، ڈیزل نے وہ وزارت پکڑی ہے، جس میں سب سے زیادہ پیسہ بنے گا۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ مردان کے لوگوں کے جذبے اور جنون کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میں آپ کو تیار کرنے آیا ہوں کہ جب اسلام آباد آنے کی کال دوں تو آپ نے آنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو میری عمر سے کم ہیں وہ نوجوان ہیں، میں آپ کو اسلام آباد سیاست کے لیے نہیں انقلاب کےلیے بلارہا ہوں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد اس لیے پہنچنا ہے کہ اپنی قوم کی اخلاقیات بچانی ہے، بڑی محنت سے ملک کی معیشت کو اپنے پیروں پر کھڑا کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ 2018 میں معیشت تباہ حال تھی، قرضے چکانے کیلئے پیسہ تک نہیں تھا، سعودی عرب، یو اے ای اور چین سے پیسے مانگ کر ملک دیوالیہ ہونے سے بچایا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کے لیے دوسرے ملکوں سے قرضے مانگنے پر بڑی شرمندگی ہوئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ جب مجھے سازش کا پتا چلا تو ان لوگوں کے پاس گیا جو سازش روک سکتے تھے، افسوس کی بات ہے کہ انہوں نے کچھ نہیں کیا۔

عمران خان نے کہا کہ وزیر خزانہ شوکت ترین کو بھیجا اور ہدایت کی کہ اُن لوگوں کو بتاؤ جو خود کو نیوٹرل کہتے ہیں کہ ملکی معیشت تباہ ہوجائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے پتہ ہے کس کس آدمی نے سازش کی ہے، سازش کرنے والے ایک ایک میر جعفر کی شکل میرے دل پر نقش ہوگئی ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ بلاول امریکا جاکر پیسے مانگے گا کہ ہماری مدد کردیں ورنہ عمران واپس آجائے گا، امریکیوں کا مجھے پتا ہے، وہ کہتے ہیں کوئی بھی کھانا فری نہیں، امریکی جو امداد دیں گے، اُس کے بدلے وہ پاکستانیوں کی آزادی لیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر کے ہوتے ہوئے صاف شفاف الیکشن نہیں ہوسکتے، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اس سازش کی کھلی تحقیقات کرائیں۔

عمران خان نے کہا کہ ایم کیو ایم والوں نے آپریشن کرنے والے پولیس افسران کو چن چن کر قتل کیا۔

قومی خبریں سے مزید