مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے پی ٹی آئی کو سیالکوٹ اسٹیڈیم میں جلسہ کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ اگر زبردستی چرچ کی جگہ جلسہ کرنے کی کوشش کی تو جیل کی سلاخیں ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی سیالکوٹ اسٹیڈیم میں جلسہ کرلے کوئی اعتراض نہیں، انہوں نے پورے پنجاب میں جلسے کیے ہم نے نہیں روکا، پی ٹی آئی سیالکوٹ میں چرچ کی زمین پر جلسہ کرنا چاہتی ہے، سیالکوٹ اسٹیڈیم میں جلسہ کریں، کوئی نہیں روکے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اگر ن لیگ اعلان کردے کہ ہم بنی گالا کے گراؤنڈ میں جلسہ کرنا چاہتے ہیں تو آپ اجازت دیں گے؟۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سیالکوٹ کی مقامی قیادت کو گرفتار کرنا پڑا تو کریں گے، آپ سیالکوٹ میں کسی بھی جگہ جلسہ کر لیں ہم اجازت دینے کیلئے تیار ہیں۔
عطا تارڑ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایف آئی اے کی کارروائی پر فواد چوہدری کو بڑے مروڑ اٹھ رہے ہیں، پچھلے وزیراعظم دونوں ہاتھوں سے ملک کی معیشت کو لوٹ کر گئے ہیں، ہم ڈوبتی ہوئی معیشت کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں، عمران خان نے لوگوں کی توجہ چور چور کی طرف لگائی اور دونوں ہاتھوں سے ملک کولوٹا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ ہم رہنمائی حاصل کرنے لندن گئے تھے، خوش ہوکر واپس آئے ہیں، میاں صاحب کی واپسی تو اٹل ہے، تاریخ کا تعین میرالیڈر کرےگا۔