• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاملات گہرے اور تشویشناک ہیں، شاہد خاقان عباسی


سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ معاملات گہرے اور تشویشناک ہیں، مشکل فیصلوں میں سب کو اپنا حصہ ڈالنا پڑے گا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوشش ہے معاملات پر قابو پایا جائے، آج سیاسی مفادات کو پیچھے کرکے ملک کو اولین ترجیح دینا پڑے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی حکومت نے 4 سال میں خرابیاں پیدا کی ہیں، سیاسی مفادات کو پیچھے ڈالنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جو حالات ہیں ان میں سیاست ثانوی حیثیت اختیار کرگئی ہے، غلطیاں کسی اور کی ہیں، معیشت کی حالت کو ملاحظہ کرلیں۔

شاہد خاقان عباسی کا یہ بھی کہنا تھا کہ مہنگائی مہینے میں نہیں آتی، مہنگائی 4 سال کا سفر ہے،ہم نے 97 میں بھی یہی حالات دیکھے،ہم نے مہنگائی کم کی،عمران خان کی کرپشن اور کوتاہیوں کی مثال کسی اور ملک میں نہیں ملے گی۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ قرض پر قرض لیتے رہے اور ملک چلاتے رہے، ان معاملات پر قابو پانا آسان نہیں ہوتا، انشاء اللّٰہ ملکی معیشت کو استحکام دیں گے، عوام کیلئے خوش خبری ہے کہ عمران خان سے جان چھوٹ گئی ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ ملک میں احتساب کے معاملات عوام کے سامنے آچکے ہیں، اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ احتساب کے عمل کو بھی برقرار رکھے اور نیب بھی ختم کرے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ میں مشاورت ہوئی کہ کس طرح ملکی معاملات حل کیے جائیں، ابھی تک تیل کی قیمتیں نہیں بڑھائی گئیں، کوشش ہے کہ عوام پر کم سے کم دباؤ پڑے۔

ان کا کہنا تھا کہ خرابیاں اتنی ہیں کہ ان پر قابو پانا ممکن تو ہے لیکن مشکلات ہیں، جو بھی فیصلے ہوں گے ان کی بڑی سیاسی قیمت ادا کرنی پڑے گی۔

قومی خبریں سے مزید