• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فواد چوہدری کا حمزہ شہباز کو وزارت اعلیٰ سے فارغ کرنے کی پٹیشن دائر کرنے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ سے فارغ کرنے کے لیے پٹیشن دائر کررہے ہیں۔

لاہور میں عمران خان کے گھر زمان پارک کے باہر میڈیاسے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ پنجاب کی صورت حال بڑی پیچیدہ ہے، اس وقت حمزہ شہباز کے نمبر اپوزیشن سے کم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے گھر میں پنجاب کی ایڈوائزری کمیٹی کی میٹنگ ہوئی، اس دوران 3 آپشنز زیر غور آئے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ بڑا اہم ہے، لوٹا کریسی کا خاتمہ ہوا، اس وقت پورے ملک میں کوئی حکومت نہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کے 25 ارکان کے ووٹ حمزہ شریف کے ووٹوں سے نکل گئے، پی ٹی آئی اور ق لیگ کے پاس 173، ن لیگ کے پاس172ووٹ ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ حمزہ شہباز تو کابینہ نہیں بنا سکے، اُن کے تمام انتظامی فیصلے غلط ہیں، ن لیگی رہنما کو وزارت اعلیٰ سے فارغ کرنے کے لیے پٹیشن دائر کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت توپورے ملک میں کوئی حکومت نہیں، ایک مستحکم اور مضبوط پاکستان ان نالائقوں کےحوالےہوا، انہوں نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں الیکشن ہونے چاہئیں، صدر مملکت کسی بھی وقت شہباز شریف کو اعتماد کے ووٹ کے لیے کہہ سکتے ہیں، ن لیگی صدر کے پاس 172 ووٹ پورے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو انٹرنیشنل خواہش کی بھینٹ چڑھایا گیا، ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن کی طرف بڑھیں، الیکٹورل ریفارمز پر بات ہوسکتی ہے، اس سے قبل الیکشن کی تاریخ کا اعلان کریں۔

پی ٹی آئی رہنمانے مزید کہا کہ مجھےنہیں پتا کہ اسٹیبلشمنٹ دباؤ ڈال رہی ہے کہ نہیں، چیف سیکریٹری اورآئی جی کو پیغام دینا چاہتا ہوں وقت بدل گیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے ہی ہوتے ہیں، کوئی فیصلے صحیح ہوتے ہیں کوئی غلط، ذوالفقار بھٹو کی پھانسی کے فیصلےکو صحیح مانیں گے تو آپ کا دماغ خراب ہوگا۔

قومی خبریں سے مزید