• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان محفوظ ہے، عوام شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے آرام سے سوتے ہیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان محفوظ ہے، عوام شہداء کے خون کی قربانیوں کی وجہ سے آرام سے سوتے ہیں۔

جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فوجی جوانوں اور افسران میں ملٹری اعزازات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف دوسرے ملک ناکام رہے، پاکستان اس لیے کامیاب ہوا کہ ہماری مائیں اپنے لخت جگر ملک پر قربان کرنے کو تیار رہتی ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہمیشہ کہتا ہوں ہمارے اصل ہیرو ہمارے شہداء ہیں، جو قومیں اپنے شہداء کو بھول جاتی ہیں وہ مٹ جایا کرتی ہیں، جب تک دُنیا قائم ہے، شہید کا نام ہمیشہ چمکتا رہے گا۔

آرمی چیف نے کہا کہ کوئی قوم، ملک اپنے شہداء کی قربانی کا صِلہ پیش نہیں کر سکتی، کوئی مادی قوت، دولت، پیسہ اُس کا نعم البدل نہیں ہو سکتا، ہماری ذمہ داری ہے شہداء کے ورثاء کی دیکھ بھال کریں، شہداء کی بیواؤں، والدین اور بچوں کی دیکھ بھال کریں گے۔

آرمی چیف نے کہا کہ سیلاب ہو، طوفان ہو، زلزلہ ہو یا کووڈ، ہر جگہ فوج آپ کو ملے گی، بلوچستان میں ہیضے کے متاثرین کی بھی خدمت کر رہے ہیں۔

 تقریب میں 48 فوجی افسران کو ستارۂ امتیاز ملٹری سے نوازا گیا، 7 افسران، 3 جونیئر کمیشنڈ افسران اور 30 جوانوں کو تمغۂ بسالت دیا گیا۔

اعزازات آرمی چیف نے تقسیم کیے، شہداء کے خاندانوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔  شہداء کے اعزازات اہل خانہ نے وصول کیے۔

قومی خبریں سے مزید