پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حمزہ شہباز قانون کا پروفیسر بننے کی کوشش کر رہا ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حمزہ شہباز کس منہ سے صدر اور عمر سرفراز چیمہ کو آئین اور قانون کا درس دے رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد استعفے کے بجائے اخلاقیات کا بھاشن عوام کی توہین ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پنجاب میں مہنگائی اور لاقانونیت کا بازار گرم ہے۔
خیال رہے کہ حمزہ شہباز نے لاہور میں اتحادی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمر سرفراز چیمہ اور ایوان صدر میں بیٹھا شخص آئین پاکستان کے مجرم ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا تھا کہ پنجاب میں ڈیڑھ ماہ سے کوئی گورنر نہیں، ایک ماہ سے اوپر ہوگیا ہے جب حلف نہ لینے کی بیماری ایوان صدر سے چلی، اس بیماری نے گورنر ہاؤس میں ڈیرے لگائے، عدالتی احکامات کو بھی نہیں مانا گیا۔