سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ سب مل بیٹھ کر الیکشن کی تاریخ پراتفاق کریں، عمران خان کل ایک خوفناک کال دینے جارہے ہیں۔
اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ نگراں حکومت کے لیے اسلام آباد میں بات چیت جاری ہے، لانگ مارچ میں جھگڑا ہوا تو الیکشن بھول جائیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ ملک کی صورت حال ایسی بن گئی ہے کہ اداروں کو حصہ ڈالنا ہوگا۔
اس سے قبل جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے ہائی پروفائل کیسز میں تقرری و تبادلوں کو روک کر تاریخی اور سنہری فیصلہ دیا ہے، انہوں نے ساتھ ہی پیشگوئی کی کہ یہ ہفتہ بڑا اہم ہے، اس ہفتے اہم فیصلے ہوں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس حکومت نے آتے ہی تمام کیسز کی فائلوں کو بدلا، تفتیش کار بدل دیے، جن لوگوں کے پاس ان کے خاندان کے کیسز تھے، سب کو انہوں نے ہٹایا، ذاتی کارکنوں کو پراسیکیوشن میں رکھوا دیا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ نیب کو دھمکا رہے تھے، سپریم کورٹ نے انہیں روک کر تاریخی اور سنہری فیصلہ دیا، عدالت نے اگلی تاریخ پر فیصلہ کرنے کو کہا ہے۔