• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شدید برف باری کے باعث بابوسر ٹاپ بند، وہاں پھنسی درجنوں گاڑیوں کو بھی ریسکیو کرلیا گیا

 
فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سیاحتی مقام بابوسر ٹاپ اور چلاس ہائی وے کو شدید برف باری کی وجہ سے بند کردیا گیا ہے جبکہ وہاں پھنسی درجنوں گاڑیوں کو بھی ریسکیو کرلیا گیا ہے۔ 

شدید برفباری کے باعث بابوسر ٹاپ اور چلاس ہائی وے پر متعدد گاڑیاں پھنس گئیں تھیں جنہیں ریکسیو کرنے کے لیے امدادی ٹیمیں روانہ کی گئیں۔ 

تاہم اب ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ خراب موسم کے باعث پھنسی 50 سے زائد گاڑیوں کو ریسکیو کرلیا گیا ہے۔ 

حکام نے بتایا کہ بابوسر ٹاپ پر پھنسی گاڑیوں میں درجنوں مسافر اور سیاح سوار تھے، تمام سیاحوں اور مسافروں کو بابوسر سینٹر پہنچادیا گیا ہے۔ 

ریسکیو حکام نے یہ بھی بتایا کہ سیاحتی مقام پر وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

اس سے قبل چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے کہا تھا کہ شدید برف باری کے باعث چلاس ہائی وے اور بابو سر ٹاپ بند کردیا گیا ہے۔

چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے یہ بھی بتایا تھا کہ ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا عملہ برف ہٹانے کی مشینری کے ہمراہ بابوسر ٹاپ روانہ ہوگیا۔

چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کا کہنا تھا کہ قراقرم ہائی وے ٹریفک کے لیے کھلی ہوئی ہے۔

قومی خبریں سے مزید