وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے ٹک ٹاک کے ریجنل ہیڈ کی قیادت میں وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
اس موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ سوشل میڈیا کی آزادی پر مکمل یقین رکھتے ہیں۔ لیکن انتشار پھیلانے، فیک نیوز اور کردار کشی کے لیے سوشل میڈیا کی استعمال کی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان شہریوں کے حقوق اور آزادی اظہار رائے کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔ آئین کے منافی کسی بھی پوسٹ کے استعمال کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ عوام کو ٹک ٹاک کے استعمال سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی گولڈن جوبلی تقریبات میں ٹک ٹاک سے پارٹنرشپ کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی بی اے سے مل کر آگاہی مہم چلائی جاسکتی ہے، وزارت اطلاعات تعاون کرے گی۔
ٹک ٹاک انتظامیہ نے کہا کہ ٹک ٹاک پر کبھی ریاست مخالف اور توہین مذہب سے متعلق مواد شیئر نہیں ہوا۔
انتظامیہ کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل پر ٹک ٹاک ایپ پر لاکھوں ویڈیوز تیار ہوئیں۔