• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشعال ملک کو اقوام متحدہ سے یاسین ملک کیلئے انصاف کے حصول کی امید

مشعال ملک، فائل فوٹو
 مشعال ملک، فائل فوٹو 

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے اقوام متحدہ سے اپنے خاندان کو انصاف دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

مشعال ملک نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر مقبوضہ کشمیر پر قابض بھارتی حکّام کے لیےایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ’وہ جو چاہیں فیصلے دے سکتے ہیں۔ یہ ہمیں اپنی آزادی کے لیے لڑنے سے نہیں روک سکیں گے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ’میں اپنی آخری سانس تک اس جدوجہد کو جاری رکھوں گی اور میرے بعد میری بیٹی اس جدوجہد کو جاری رکھے گی۔ اور ہم نسل در نسل لڑیں گے جب تک ہمیں ہمارا حق نہیں مل جاتا۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ’عدالتوں نے میرے یاسین کو عمر قید کا فیصلہ دے دیا ہے۔ عدالتیں معاشرے کے اجتماعی شعور کو مطمئن کرنے کے لیے حتمی فیصلہ کر سکتی ہیں چاہے ملزم کے خلاف کوئی بھی ثبوت نہ ہو اور اب بھارت میں بھی ایسا ہی ہوا ہے، ان سے کسی اور چیز کی توقع کی بھی نہیں جا سکتی۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ’منافق اور وحشی بھارتی حکّام نے عدالتی فیصلے کو متاثر کیا ہے اور مجھے اس میں کوئی شک نہیں۔‘

مشعال ملک نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے لکھا کہ’تو اب میں بین الاقوامی اداروں اقوام متحدہ اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کی طرف دیکھتی ہوں کہ مجھے اور میرے خاندان کو انصاف دلایا جائے۔‘

واضح رہے کہ بھارتی عدالت نے کشمیری رہنما اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) یاسین ملک کو جھوٹے کیس میں عمر قید کی سزا سنادی۔

بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی عدالت نے یکطرفہ ٹرائل کے بعد 19 مئی کو یاسین ملک کو جھوٹے مقدمے میں مجرم قرار دیا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید