کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان نے کہا ہے کہ رمضان میں ہونے والے فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ سے کھلاڑیوں کو فٹ رکھنے میں مدد ملے گی۔ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کا اصل ٹارگٹ رواں سال دسمبر میں بھارت میں ہونے والا جونیئر ورلڈ کپ ہے جس سے قبل مختلف یورپی ملکوں کا دورہ بہت اہم ہے، کوشش ہوگی کہ اس دوران اپنی خامیوں کو دور کریں۔ جونیئر ورلڈ کپ میں ہماری اصل حریف یورپی ٹیمیں ہونگیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے کئی سال سے مضبوط یورپی ٹیموں کا سامنا نہیں کیا جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کو ان کے بارے میں زیادہ علم نہیں ہے۔ عید کے بعد قومی کھلاڑیوں کا مختصر کیمپ لگا یا جائے گا جس میں یورپ کے دورہ کے لئے قومی ٹیم کا انتخاب بھی کیا جائے گا۔ پچھلے کیمپ میں ہم نے کھلاڑیوں کی کئی خامیوں کو دور کیا ہے، مگر ہم اب بھی پنالٹی شوٹ آئوٹ اور فیلڈ گول کے شعبے میں کم زور ہیں، کھلاڑی بڑے میچوں میں گول کے مواقع سے فائدہ نہیں اٹھا پاتے ہیں جو اہم میچوں میں شکست کا سبب بن جاتے ہیں، اس وقت بڑی ٹیموں کے میچوں میں میچ کا فیصلہ کم گول سے ہوتا ہے ایسے میں ایک یا دو چانس کا ضائع ہونا خطر ناک ہوجاتا ہے۔ اس خامی کو یورپ کے دورہ میں دور کرنے کی کوشش کریں گے۔