• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران نیازی کی کہانی میں جیل کا ٹچ رہ گیا، حمزہ شہباز

وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے سابق وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم نے جتنے ٹچ دینے تھے دے دیے، کہانی میں جیل کا ٹچ رہ گیا۔

بہاولپور میں یوم تکبیر کے موقع پر جلسے سے خطاب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران نیازی تم نے انتشار پھیلایا، اگر تم نے دوبارہ انتشار پھیلانے کی کوشش کی تو جیل جانا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے بھی عمران نیازی نے ریڈ زون میں انتشار پھیلا یا تھا، بزدل آدمی ایک دن بھی اسلام آباد میں نہ بیٹھ سکا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ اسے کہتے ہیں کھودا پہاڑ نکلا چوہا، عمران خان کی کال پر 25 لاکھ لوگ نہیں آئے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایک صاحب عمران خان کے کان میں کہتا ہے، خان صاحب ذرا اسلامک ٹچ تو دو، یہ ان کا اصل چہرہ ہے۔

حمزہ شہباز نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ تم جنہیں برا بھلا کہتے تھے، ان ہی سے حکومت بچانے کی بھیک مانگ رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ آج لیک ہونے والی آڈیو نے بھانڈا پھوڑ دیا، جس میں تم اپنی حکومت بچانے کے لیے بھیک مانگ رہے تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران نیازی نے معیشت کا بیڑا غرق کیا، ہم کہیں گے تم خود کشی نہ کرنا ہم تمہیں سیاسی خود کشی پر مجبور کردیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ تمہاری انا پاکستان سے بڑی ہے تو اسے مٹی میں دفن کردیں گے، عمران نیازی تمہارے توشہ خانے یا فارن فنڈنگ کا نہ پوچھا جائے تو ایسا نہیں چلے گا۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران نیازی تم صوبہ تو کیا دیتے، جنوبی والوں کو حق سے ہی محروم کردیا۔

انہوں نے کہا کہ 10 کلو آٹے کا تھیلا 650 روپے کا تھا 490 روپے کا کردیا ہے، اگلےدنوں میں گھی، چینی کی قیمتیں کم ہونےکی خوش خبری سناؤں گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بہاولپور میں یومیہ 8 ہزار لوگ اسپیڈو بس میں سفر کررہے ہیں، آج آپ نے اتنا پیار دیا ہے، اب 12 نہیں 24 اسپیڈو بسیں ہوں گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ چولستان میں پانی کی دشواری ہوئی وہاں جانور مرگئے، بہاولپور اسٹیڈیم میں دوبارہ سے فری انٹرنیٹ سروس فراہم کی جائےگی۔

قومی خبریں سے مزید