پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان اپنی خواہشات پوری کروانے کے لیے سپریم کورٹ کو ڈکٹیشن کیسے دے سکتے ہیں؟ آپ سپریم کورٹ کو حکم دے رہے ہیں کہ نگراں جج لگائیں، فلاں فیصلہ کریں، سپریم کورٹ کو ڈکٹیٹ کرتے ہیں۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کے خطاب پر رد عمل میں طلال چوہدری نے کہا کہ یہ کیسا کمزور انقلاب تھا جو آنسو گیس کے سامنے نہیں ٹھہر سکا، وہ بندہ قانون کی بات کر رہا ہے جس نے سپاہیوں کے سینے پر گولیاں چلانے کا کہا، وہ بندہ قانون کی بات کررہا ہے جس نے اسلام آباد کو آگ لگائی، سپریم کورٹ کے فیصلے کی توہین کی۔
طلال چوہدری نے کہا کہ کیا حکومت فرح گوگی کے لگائے گئے افسروں کو تبدیل نہیں کرسکتی؟ گوگی کو پالنے اور گولی کےذریعے کرپشن کا پیسہ بنی گالہ پہنچانے والا کرپشن کی بات کرتا ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ گوگی افسر لگا سکتی ہے، حکومت افسر بدل نہیں سکتی، فارن فنڈنگ کا کیس 7 سال سے عدالت میں ہے، آپ عدالت نہیں جا رہے ہیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ آپ بار بار دھمکاتے ہو کہ اسلام آباد آجاؤں گا، آپ کو ویکسین کی ڈوز دی ہے، دوبارہ آئیں گے تو بوسٹر ڈوز دیں گے، بوسٹر ڈوز کے بعد آپ کبھی اسلام آباد آنے کا نام نہیں لیں گے۔