• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلیغ الرحمٰن نے بطور گورنر پنجاب حلف اٹھا لیا

پنجاب میں دو ماہ سے جاری آئینی بحران کی شدت کم ہونے لگی۔ سب سے بڑے صوبے میں دو ماہ بعد آئینی سربراہ کا تقرر ہو گیا۔ 

مسلم لیگ ن کے رہنما بلیغ الرحمٰن نے بطور گورنر پنجاب عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد امیر بھٹی نےگورنر سے حلف لیا۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے تقرری سے متعلق نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا، حلف برداری تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز بھی شریک ہوئے۔

حلف برداری کی تقریب میں پارلیمنٹیرینز، لاہورہائی کورٹ کےجج صاحبان نے بھی شرکت کی، صوبائی سیکرٹریز، مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

بلیغ الرحمٰن 21 دسمبر 1970 کو بہاولپور میں پیدا ہوئے۔ پہلی بار 2008 کے عام انتخابات میں ن لیگ کے ٹکٹ پر این اے 185 سے ایم این اےمنتخب ہوئے۔

میاں بلیغ الرحمن دوسری بار 2013 میں بہاولپور کے حلقہ این اے 185 سے ن لیگ کے ٹکٹ پر 88 ہزار ووٹ لےکررکن قومی اسمبلی بنے۔

نومبر 2013 میں انہیں نواز شریف کابینہ میں وزیر مملکت برائے داخلہ اور انسداد منشیات کا چارج دیا گیا۔ وہ جولائی 2017 تک اس عہدے پر رہے۔

اگست 2017 میں شاہد خاقان عباسی کے دور میں وفاقی وزیر تعلیم و تربیت کا قلمدان سونپا گیا۔ تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے کے بعد ن لیگ نے بلیغ الرحمٰن کو گورنر پنجاب نامزد کیا اور 30 مئی 2022 کو صدر مملکت عارف علوی نے اسکی منظوری دے دی۔

قومی خبریں سے مزید