وزیراعظم شہباز شریف اور برطانوی ہم منصب بورس جانسن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، وزیر اعظم نےقانونی مائیگریشن میں تعاون مضبوط بنانےکی ضرورت پر زور دیا۔ شہباز شریف نے برطانوی وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
اعلامیے کے مطابق بورس جانسن نے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی، برطانوی وزیر اعظم نے پاکستان سے دو طرفہ تعلقات مزید فروغ دینے کا اعادہ کیا۔
برطانوی وزیراعظم نے اگست 2021 میں افغان سے دورانِ انخلا پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔
شہباز شریف نے ملکہ برطانیہ کی تاج پوشی کی پلاٹینم جوبلی تقریبات پر برطانوی ہم منصب کو مبارک باد دی۔
اعلامیے کے مطابق پاک برطانیہ سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ شایان شان طریقے سے منانے پر زور دیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے مختلف شعبوں میں برطانیہ سے تعلقات مضبوط بنانےکی خواہش کا اعادہ کیا، وزیراعظم نے برطانیہ سے قریبی روابط کے لیے 13 لاکھ پاکستانی تارکین وطن کے کردار کو سراہا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پاک برطانیہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی اہمیت پر بھی زور دیا، جبکہ مختلف شعبوں میں تعلقات بڑھانےکے لیے10 سالہ روڈمیپ تیار کرنے کی تجویز بھی دی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جموں و کشمیر کے تنازعہ کے پرُامن حل کی اہمیت اور جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک توازن برقرار رکھنےکی ضرورت پر زوردیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے پاکستان میں تعلیم، صحت دیگر شعبوں کے فروغ کے لیےکام پر برطانیہ کو سراہا۔