لاہور( این این آئی)سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جو شہباز شریف 50 روپے کے عدالتی اسٹامپ کی گارنٹی پر 4 سال میں اپنے بھائی کو واپس نہ لا سکا وہ قوم کو کیا دے گا‘حکومت کا جانا ناگزیر ہے ‘ سامراج کے اشارے پر اسرائیل سے دوستی بڑھائی جارہی ہے ،بھارت سے تجارت اورایران اور چین سے فاصلے پیدا ہونے والے ہیںعنقریب وہ وقت آئے گا جب صدر ان سے اعتماد کے ووٹ کے لیے کہے گا جس سے سامراجی خواہشیں چکنا چور ہو جائیں گے۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوںنے کہا کہ ایک نے اپنے بیٹے کو وزیر اعلیٰ ‘دوسرے نے وزیرخارجہ اور تیسرے نے وزیر مواصلات بنا لیا ہے،یہی تین سیاسی چوہوں کا آپس میں اتحاد تھا۔ غریب لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور بیروزگاری سے مررہا ہے جس سے اب ان کو کوئی غرض نہیں، قوم کو گولی سے،لاٹھی سے اور آنسو گیس سے دبانے کے لیے راناثنااللہ جیسے اجرتی قاتل کرائے پر رکھ لیے گئے ہیں ،اب ان کا مسئلہ 8 سے 12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ نہیں ہے بلکہ اپنے کیس نیب، ایف آئی اے اور اے این ایف سے ختم کروانا ہے جس پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ایک ووٹ کی اکثریت پر قائم حکومت کسی وقت بھی دھڑام سے گرجائے گی۔ اوور سیز پاکستانیوں کو سیاست اور ووٹ سے دور رکھنا قومی بددیانتی ہے‘اوورسیز پاکستانیز کا ووٹ کا حق دلانے کے لیے میں سپریم کورٹ جا رہا ہوں۔ انہوںنے کہا کہ ابھی پٹرول اور بجلی میں اضافے کی پہلی قسط آئی ہے، 5 سے 25 جون تک دوسری قسط بھی آ جائے گی ،لوگ خود سڑکوں پر آئیں گے اور غلامی کی زنجیریں توڑیں گے، حکومت کا جانا ناگزیر ہے ،ایک ووٹ کی اکثریتی حکومت 22 کروڑ لوگوں کی ترجمانی نہیں کرسکتی‘ایک ووٹ کی اکثریت صرف غلامی کے سامراجی فیصلوں پر عمل در امد کے لیے دی گئی ہے۔