• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب بل میں ترمیم بنیادی طور پر این آر او ہے، عمران خان

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) بل میں ترمیم بنیادی طور پر این آر او ہے۔

ایک بیان میں عمران خان نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف فرینڈلی پراسیکیوٹر کے ذریعے ریکارڈ تبدیل کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اپنے اور خاندان کے منی لانڈرنگ کیسز میں مداخلت کی کوشش کررہا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ ایف آئی اے نے وزیراعظم کی ایما پر ضمنی ریفرنس کے لیے چالان واپس لے لیا، صاف ہے کیس تباہ کرنے کے لیے چالان واپس لیا گیا تاکہ اُسے بدلا جائے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کو معاملے کا از خود نوٹس لینا چاہیے، عدالت عظمیٰ منصفانہ ٹرائل کے لیے سیاست دانوں کے تمام میگا کیسز پر مانیٹرنگ جج لگائے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ بتاتا ہے کہ کیسے چور سسٹم کا استحصال اور رد و بدل کر رہے ہیں، 5 ماہ گزر گئے ایف آئی اے عدالت فرد جرم عائد کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب بل میں ترمیم بنیادی طور پر این آر او ہے، نیب بل میں ترمیم پاکستان میں کرپشن کیخلاف مہم کو تباہ کرے گی۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور آصف زرداری کے تمام کیسز بند کردیے جائیں گے، میگا کرپشن کا ایک نیا دور شروع ہو جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید