• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب اور پاکستان میں تجارت کا حجم تیزی سے بڑھ رہا ہے، سعودی سفارتکار

تصویر بشکریہ شہباز شریف انسٹاگرام
تصویر بشکریہ شہباز شریف انسٹاگرام

سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان بہترین سیاسی، سماجی، عوامی اور معاشی تعلقات قائم ہیں، دونوں ممالک کی دو طرفہ تجارت کا حجم بھی وقت کے ساتھ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

یہ بات سعودی عرب کے سینئر سفارتکار نے روزنامہ ’جنگ‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ پاکستان کی سعودی عرب کے لیے برآمدات میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جبکہ سعودی عرب پاکستان کی تیل کی ضروریات کو پورا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

اس حوالے سے عالمی تجارت کو جانچنے والے ادارے ٹریڈ اکنامک کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ تین برسوں میں پاکستان کی سعودی عرب کو برآمدات بہترین رہی ہیں، یہ برآمدات 2019ء میں 489 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جبکہ 2020ء میں یہ برآمدات 516 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔

2021ء میں پاکستان کی سعودی عرب کو کی جانے  والی برآمدات کا حجم 402 ملین ڈالر رہا ہے جو اشیاء زیادہ بڑی تعداد میں سعودی عرب کو برآمد کی گئی ہیں، ان میں چاول، گوشت، مصالحہ جات، پھل، گھریلو استعمال کی اشیاء سمیت ٹیکسٹائل کی اشیا کا حجم زیادہ رہا ہے۔

ٹریڈ اکنامک کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تجارت کا حجم دو ارب ڈالر سے زائد ہے جس میں سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو سب سے بڑی تعداد میں تیل برآمد کیا جاتا ہے۔

دیگر اشیاء میں سعودی عرب پاکستان کو پلاسٹک، ارگینک کیمیکل، المونیم، مشینری، بوائلر، فرنیچر اور چینی سمیت کئی اہم اشیاء پاکستان کو برآمد کرتا ہے۔

سعودی حکام نے توقع ظاہر کی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان شاندار تعلقات اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ وقت گزرنے کے ساتھ دونوں ممالک کی تجارت میں مزید اضافہ ہوگا خصوصاََ بیس لاکھ پاکستانی سعودی عرب میں خدمات انجام دے رہے ہیں، ان سے بھی سالانہ کئی ارب ڈالر کا ذرمبادلہ پاکستان کو حاصل ہوتا ہے جو پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید