قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض احمد کا کہنا ہے کہ عمران خان اقتدار کی لالچ میں اندھے ہوچکے ہیں، وہ ایٹمی پروگرام اور ملکی سالمیت کے خلاف اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔
قائد حزب اختلاف راجہ ریاض نے قومی اسمبلی میں کہا کہ عمران خان نیازی کے ملکی سالمیت پر بیان کی شدید مذمت کرتا ہوں، پاکستان کے تین ٹکڑوں کی خواہش عمران خان کی ذہنی اختراع ہے۔
راجہ ریاض نے کہا کہ اسلام کے نام پر بنا پاکستان ان شاءاللّٰہ تاقیامت قائم و دائم رہے گا، پاکستان کا ایٹمی پروگرام محفوظ تھا، محفوظ ہے اور محفوظ رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک کی سلامتی کے اداروں پر مکمل یقین اور اعتماد ہے، پاک افواج ملک خداداد کی سلامتی کی ضامن ہیں،ملک کو بنانا ریپبلک بنانے کی عمران خان کی مذموم کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔
راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ حکومت، قومی سلامتی کے ادارے اور عدلیہ عمران خان کے بیان پر ایکشن لیں، آزادیٔ اظہار سب کا حق ہے لیکن سازش پر کام کرنے والے پر پابندی ہونی چاہیے۔
قائد حزب اختلاف نے مزید کہا کہ عمران نیازی ابھی قومی سلامتی کے درپے ہیں، ابھی بھی عمران کی زبان بند نہ کی گئی تو خاکم بدہن یہ شخص ملک توڑ کر رکھ دے گا۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا کہ ’اسٹیبلشمنٹ نے درست فیصلے نہ کیے تو فوج تباہ ہو جائے گی اور پاکستان کے تین ٹکڑے ہوں گے‘۔
انٹرویو میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ اصل میں پاکستان کا مسئلہ ہے، اسٹیبلشمنٹ کا مسئلہ ہے، اگر اس وقت اسٹیبلشمنٹ صحیح فیصلے نہیں کرے گی تو میں آپ کو لکھ کر دیتا ہوں یہ خود بھی تباہ ہوں گے اور فوج سب سے پہلے تباہ ہوگی کیونکہ ملک دیوالیہ ہوگا‘۔