مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان بتائيں یہ تین ٹکڑوں والا نظریہ کس نے آپ کو دیا ہے، یہ کس کا نظریہ ہے ؟ کیا یہ نظریہ آپ کو زیڈ گولڈ اسمتھ نے دیا ہے یا اسرائیل نے دیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پوری قوم نے عمران خان کے بیان کا نوٹس لیا ہے قوم میں غصہ ہے۔
ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ دماغی ماہرین کا بورڈ عمران خان کا ذہنی اور نفسیاتی معائنہ کرے، اقتدار کے چلے جانے پر عمران خان حواس کھوچکا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ حکومت سے اپیل ہے کہ دماغی، نفسیاتی امراض کے ماہرین کا عمران خان کے لیے ایک بورڈ بنائے، اِنہوں نے پاکستان کے لئے دی گئی قربانیوں کی توہین کی ہے۔
ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ اقتدار تو اس کا کبھی تھا ہی نہیں، عمران خان اقتدار کے شروع کے 30 دن میں ناکام ہوا اور اب اقتدار چلے جانے کے بعد 30 دن میں پھر بے نقاب ہوا۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کے 3 ٹکڑے ہونے کا خواب دیکھنے والے کی جماعت کے تین ٹکڑے ہوں گے، یہ بات کرنے والے اور اس کی جماعت کے 300 ٹکڑے ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو کیا حق ہے کہ ایٹمی پروگرام پر بات کرے، عمران خان کا پاکستان کے ایٹمی پروگرام میں کیا کردار ہے ؟
انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید ہوئے، بے نظیر شہید ہوئیں لیکن آواز آئی پاکستان کھپے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کو تو کسی نےکچھ کہا ہی نہیں، عمران خان اب ضمانتی لیڈر ہے،یہ خیبر پختونخوا کے وسائل پر جونک بن کر بیٹھا ہے۔
نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ عمران خان نے ماضی میں بھی کہا تھا کہ پاکستان کو ایٹمی پروگرام کی ضرورت نہیں، عمران خان کو کیا حق ہے کہ ایٹمی پروگرام پر بات کرے، ملک کے ایٹمی پروگرام میں اس کا کیا کردار ہے ؟
مریم نواز نے بتایا کہ ہم نے کئی بار اقتدار کھویا،اللّٰہ نے پھر اقتدار دیا، یہ شخص اقتدار میں رہتے ہوئے ملک کیلئے تباہی تھا، جب یہ اقتدار میں تھا تو کسی نے سوموٹو نوٹس نہیں لیا، یہ چاہتا تو قوم کی تقدیر بدل سکتا تھا۔
انہوںنے بتایا کہ پی ٹی آئی کی بہت بڑی تعداد رابطے میں ہے خاص کر لوگ استعفیٰ نہیں دینا چاہتے، میں نے سنا ہے وہ کہتے ہیں عمران کے جھوٹے خط والے بیانیے سے جماعت کو نقصان ہوا۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ان کے اپنے لوگ کہتے ہیں جھوٹے خط والے بیانیے سے سیاسی نقصان ہوا، اس وجہ سے ہم عمران خان کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے۔