وزیراعظم شہباز شریف نے 15 ماہ بعد عام انتخابات کرانے کی ہامی بھرلی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ترک سرکاری ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں پاکستان، سیاست اور عام انتخابات کےحوالے سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دیے۔
صحافی نے وزیراعظم سے استفسار کیا کہ کیا عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے؟
جواب دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ جی بالکل، اب سے 15 ماہ بعد عام انتخابات کرانے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کمزور طبقے کی مشکلات کم کر رہے ہیں، عوام بہت دباؤ میں ہیں، ان کے لیے جینا مشکل ہوگیا، عوام کی خدمت کے بغیر سیاست سیاست نہیں اور حکومت حکومت نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ مشکل حالات ہمارے لئے چیلنج ہیں، دوسرے اداروں سے بات کرنے سے پہلے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ مسائل کو قلیل مدت میں ختم نہیں کر سکتے، ہمارا ہدف غربت کا خاتمہ ہے، ترقی پذیر ملکوں کو بھی مہنگائی پر قابو پانے میں مشکلات درپیش ہیں۔