پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان کی وجہ سے پاکستان ڈیفالٹ ہونے کے قریب تھا، پاکستان کے پاس ایل سیز کھولنے کے پیسے نہیں تھے۔
لاہور میں سوشل میڈیا ٹیم سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں دن رات کام کرکے لوڈ شیڈنگ ختم کی، دہشت گردی کا خاتمہ کیا، نواز شریف پاکستان کا بیٹا تھا، بیٹا ہے اور بیٹا رہے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ پچھلی حکومت پاکستان کا ہر شعبے میں برا حال کر کے گئی ہے، یہ شخص حکومت میں تھا تو ملک کو تباہ کیا اور حکومت سے باہر نکل کر بھی ملک کو تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ آپ کے پاکستانی ہونے پر سوالات اٹھنے لگے ہیں، ایک 70 سال کا بچہ انقلاب کا بول کر گھر سے نکلا تھا وہ اب تک گھر واپس نہیں آیا، آپ گرفتاری سے بچ کر پشاور میں چھپے بیٹھے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ کیا کسی نے اپنی حکومت کے لیے کبھی اسلام آباد کو آگ لگائی؟ سپر پاور کو للکارنے والے گرفتاری سے بچ کر چھپ کر بیٹھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے بعد ہمارا نعرہ ہے’کیا ہے، کر کے دکھائیں گے‘، شہباز شریف نے دل پر پتھر رکھ کر پیٹرول کی قیمت بڑھائی ہے، ہم ایک مرتبہ پھر غربت، لوڈشیڈنگ، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقتدار میں آئے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ کل آڈیو چل رہی تھی کہ سابق خاتون اول کو تین کیرٹ کا نہیں پانچ کیرٹ کا ہیرا چاہیے، بنی گالا کرپشن کا ہیڈ کوارٹر تھا، فرح گوگی تو ملک سے بھاگ گئی، اگر ہمت ہے تو مریم نواز کی طرح عدالت کا سامنا کرو۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ اس کرپشن کا براہ راست فائدہ عمران خان اور سابق خاتون اول کو پہنچا، فرح خان سابق وزیر اعظم اور سابق خاتون اول کی فرنٹ پرسن تھی۔
مریم نواز نے کہا کہ تمہیں تو پرچی سے پڑھ کر بھی جواب دینا نہیں آ رہا تھا، شہباز شریف کی چھ مہینے کی کارکردگی کا حساب میں آپ کو دیتی ہوں۔