کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی ککرز نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو 2-0 کی شکست دیکر آل پاکستان نیشنل بینک ڈاکٹر محمد علی شاہ میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ کراچی ککرز فٹ بال کلب کے زیر اہتمام نیشنل بینک آف پاکستان کے تعاون سے ڈاکٹر محمد علی شاہ فٹ بال اسٹیڈیم پر جاری ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں میزبان کراچی ککرز ایف سی نے مضبوط حریف واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو 2-0 سے شکست دی۔ میچ کا پہلا گول کھیل کے 38ویں منٹ میں فیصل مدنی نے جبکہ کھیل کے 43ویں منٹ میں عارف شہزاد نے گول کرکے اپنی ٹیم کو 2-0 کی فتح دلائی۔ اس میچ میں ریفریز کے فرائض سعید عالم، محمد سلیم، اسلام انصاری نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر ایچ ایم حنیف اور میڈیا کوارڈی نٹر شیر افضل تھے۔