• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری اراضی محاصل بڑھانے کیلئے استعمال کی جائے، پرویز خٹک

  پشاور(نیوزڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے صوبے کے تمام محکموں کو اپنی ضرورت سے زائدسرکاری اراضی تجارتی مقاصد اور محاصل بڑھانے کیلئے استعمال میں لا نے کیلئے منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ اس سے حاصل ہونے والی آمدن کو ان محکموں کی بہبود اور خودانحصاری پر خرچ کیا جا سکے۔وہ وزیراعلیٰ ہائوس میں صوبے کی آمدنی بڑھانے کیلئے دستیاب وسائل کے استعمال کے بارے میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں سینئر وزیر سکندر حیات شیر پائو، وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ، وزیر تعلیم محمد عاطف، اور مشیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب، مشیر برائے محکمہ منصوبہ بندی وترقی میاں خلیق الرحمن کے علاوہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری محمد اعظم خان اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریوں نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے مختلف محکموں کے سربراہوں کو محکموں کی ملکیتی اراضی کی نشاندہی اور صوبائی محاصل بڑھانے کے لئے اس کے تجارتی بنیادوں پر استعمال کیلئے منصوبہ بندی جلدی مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اس سلسلے میں کنسلٹنٹ کی خدمات کے حصول اور منصوبوں کے خدوخال وضع کرنے کے علاوہ ہر محکمہ میں اس مقصد کیلئے مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا۔ انہوں نے اس سلسلے میں تمام کاروائی کو جون کے آخر تک حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے سرکاری اراضی کے محاصل میں اضافے کیلئے استعمال کے منصوبوں کی نگرانی کیلئے سیکرٹری ریلیف احمد حنیف اورکزئی کو انچارج مقرر کیا۔وزیراعلیٰ نے محاصل بڑھانے اور منصوبوں کی تعمیر کے طریق کار کو ضوابط کے مطابق شفاف رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے منصوبوں کیلئے ضروری قانون سازی کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ آبپاشی کی ورکشاپ میں موجود فرسودہ مشینری نیلام کرنے اور ورکشاپ کی جگہ کثیر المنزلہ عمارت تعمیر کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اسی طرح انہوں نے چھوٹے منصوبے ایک سال اور بڑے منصوبے 15ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر محکمہ مواصلات و تعمیرات کیلئے 2بلین روپے ، زراعت کیلئے ایک بلین روپے، ماحولیات کیلئے 60کروڑروپے، محکمہ صنعت کیلئے 2بلین روپے، معدنیات کیلئے 2.2بلین روپے، آبپاشی کیلئے ایک بلین روپے، مقامی حکومت کیلئے 2بلین روپے، پشاور ترقیاتی ادارے کیلئے 6بلین روپے، ایکسائز کیلئے 14ارب اور اوقاف کیلئے 50کروڑ روپے کے محاصل بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔
تازہ ترین